عالمی برادری کشمیری رہنما ء شبیر احمد شاہ کی زندگی بچانے کے لئے فوری مداخلت کرے،چوہدری نعیم اختر

شبیر احمد شاہ نہ صرف کشمیری عوام کے دلوں کی آواز ہیں بلکہ وہ پرامن جدوجہد آزادی کے ترجمان بھی ہیں

بدھ 2 جولائی 2025 16:25

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)چیئرمین جموں وکشمیر فورم فرانس چوہدری نعیم اختر نے حریت رہنما اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں بگڑتی ہوئی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے چوہدری نعیم اختر نے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ کشمیری رہنما کی زندگی بچانے کے لئے فوری مداخلت کرے اور ان کی رہائی کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالے،کشمیری قائد شبیر احمد شاہ کو پراسٹیٹ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے وہ 2017 میں گرفتاری کے بعد سے نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں نظربند ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ شبیر احمد شاہ نہ صرف کشمیری عوام کے دلوں کی آواز ہیں بلکہ وہ پرامن جدوجہد آزادی کے ترجمان بھی ہیں ان کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک قابل مذمت اور قابل گرفت ہے کشمیری عوام اپنے قائدین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے مجھ سمیت پوری قوم شبیر احمد شاہ سمیت تمام اسیرانِ حریت کے ساتھ ہے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ شبیر احمد شاہ کی علالت کشمیریوں کے لئے انتہائی تشویش کا باعث ہے اور کشمیری عوام ان کے لئے سخت فکرمند ہیں۔

جب ڈاکٹروں نے ان کی سرجری کا مشورہ دیا ہے تو ہسپتال میں ان کی سرجری کے دوران اہل خانہ کی موجودگی ایک جائز مطالبہ ہے جسے بغیر کسی اعتراض کے پورا کیا جانا چاہیے انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی حکومت کے ساتھ اس سنگین مسئلے کو اٹھائیں تا کہ علاج کے دوران شبیر احمد شاہ کی اچھی دیکھ بھال کی جاسکے اور شبیر احمد شاہ کی رہائی کو یقینی بنایا جائے تا کہ علاج کے دوران وہ اپنے اہلخانہ کے ساتھ رہ سکیں جسکی انہیں سخت ضرورت ہے۔انھوں نے شبیر احمد شاہ کی لمبی زندگی اور مکمل صحت یابی کے لئے خصوصی دعا بھی کی۔