اسلامک یونیورسٹی کی 22 سالہ طالبہ ایمان کا قاتل عدالت میں پیش، جسمانی ریمانڈ منظور

اسلام آباد پولیس کی جانب سے ملزم کو آج عدالت میں پیش کیا گیا جہاں مقتولہ کی روم میٹ نے ملزم کو شناخت کرلیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 2 جولائی 2025 14:42

اسلامک یونیورسٹی کی 22 سالہ طالبہ ایمان کا قاتل عدالت میں پیش، جسمانی ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جولائی 2025ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع اسلامک یونیورسٹی کی 22 سالہ طالبہ ایمان کے قاتل کو گرفتار کرنے کے بعد عدالت میں پیش کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد کی 22 سالہ طالبہ ایمان کے قاتل فیروز کو وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے گرفتار کرکے عدالت پیش کیا جہاں مقتولہ کی روم میٹ عروج مختار، یمنیٰ اور معظمہ ذاکر نے ملزم کو شناخت کیا، جس کے بعد عدالت نے ملزم کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

اس حوالے سے ڈی آئی جی جواد طارق نے بتایا کہ تھانہ رمنا کی حدود میں گرلز ہاسٹل میں ایمان کا قتل ہوا، ملزم کی جانب سے فائرنگ کرکے لڑکی کو قتل کیا گیا، ملزم سے متعلق مختلف کیمروں اور دیگر شواہد سے تحقیقات کیں، ملزم واردات کی نیت سے دوبارہ ہاسٹل آیا تو اس کو گرفتارکرلیا گیا، ملزم فیروزجھنگ کا رہائشی ہے جو پہلے ہی زیادتی کیس میں مطلوب تھا اس کے علاوہ ملزم موٹرسائیکل چوری کے مختلف مقدمات بھی ملوث پایا گیا۔

(جاری ہے)

اس کیس سے متعلق مزید معلوم ہوا ہے کہ گرفتار ملزم کو 22 سالہ طالبہ کو ہاسٹل میں قتل کرنے کے کیس میں ڈیوٹی مجسٹریٹ محمد آصف ہنجرا کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں پولیس کی جانب سے ملزم کو شناخت پریڈ کیلئے جیل بھیجنے کی استدعا کی گئی تھی، عدالت نے استدعا منظور کرکے ملزم کو شناخت پریڈ کیلئے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا تھا جہاں مقتولہ کی روم میٹ عروج مختار، یمنیٰ اور معظمہ ذاکر نے ملزم کو شناخت کرلیا۔

یاد رہے کہ رواں برس 19 اپریل کو ملزم نے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے ہاسٹل میں گھس کر طالبہ ایمان کو دوستوں کے سامنے قتل کر دیا تھا، ملزم قتل کی واردات کے بعد روپوش ہوگیا تھا، قتل کے اس واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد تھانہ رمنا پولیس کی طرف سے قتل کا مقدمہ درج کیا گیا، جس کے بعد پولیس نے تحقیقات کا عمل شروع کیا تو بالآخر چند روز قبل اسلام آباد پولیس ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی۔