سوچے سمجھے منصوبے سے دہشتگردوں اور سہولتکاروں کو خیبرپختونخواہ میں جگہ دی گئی، ڈی جی آئی ایس پی آر

صوبے میں گورننس کو جان بوجھ کر کمزور کیا گیا، گمراہ کن بیانیہ بنایا گیا، دہشت گردی کے معاملے پر سیاست کی گئی، قوم کو الجھایا گیا، عوام اس کا خمیازہ خون سے دے رہے ہیں؛ پشاور میں پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 10 اکتوبر 2025 15:00

سوچے سمجھے منصوبے سے دہشتگردوں اور سہولتکاروں کو خیبرپختونخواہ میں ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اکتوبر 2025ء ) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پریس کانفرنس کا مقصد صوبہ خیبرپختونخواہ میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینا ہے، میں آج تجدید عہد کرنے آیا ہوں، میں ضروری سمجھتا ہوں کہ بتاؤں میرا پشاور آنے کا مقصد خیبرپختونخواہ کے غیور عوام کے درمیان بیٹھ کر دہشتگردی کی جنگ کا احاطہ کرنا ہے، خیبرپختونخواہ کے عوام کے ساتھ مل کر دہشت گردی کی جڑ کو اُکھاڑ پھینکیں گے۔

پشاور میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو خیبرپختونخوا میں جگہ دی گئی، گورننس کو جان بوجھ کر کمزور کیا گیا، گمراہ کن بیانیہ بنایا گیا، دہشت گردی کے معاملے پر سیاست کی گئی، قوم کو الجھایا گیا، عوام اس کا خمیازہ خون سے دے رہے ہیں لیکن پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، ہم سب کو مل کر دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکنا ہے، رواں سال 917 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا ہے، اس دوران فورسز کے 516 جوان اور شہری شہید ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی جی ائی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کیا ہر مسئلے کا حل بات چیت میں ہے؟ اگر ہر چیز کا حل بات چیت ہوتا تو دنیا میں جنگیں نہیں ہوتی ، جب 9 اور 10 مئی کو بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تب یہ کیوں نہیں کہا گیا کہ بھارت سے بات چیت کریں؟ ہر مسئلے کا حل بات چیت میں ہوتا تو بدر کے میدان کو یاد کریں کہ سرور کونین ﷺ دو جہان جن کے لیے بنائے گئے، وہ ذات جس سے بڑھ کر کوئی انسان نہیں، کیوں نہیں اُس دن اُنہوں نے بات چیت کرلی؟ اُدھر تو باپ کے آگے بیٹا کھڑا تھا، بھائی کے آگے بھائی کھڑا تھا۔