Live Updates

سیلاب سے تمام اداروں کو پیشگی باخبر کر دیا تھا،محکمہ آبپاشی خیبرپختونخوا

بدھ 2 جولائی 2025 16:51

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) سوات میں پیش انے والے سانحہ کے حوالے سے جاری چھان بین کے دوران محکمہ آبپاشی خیبرپختونخوا کی جانب سے انکشاف ہوا ہے کہ سیلاب سے تمام اداروں کو پیشگی باخبر کر دیا تھا۔محکمہ آبپاشی خیبرپختونخوا حکام کے مطابق سوات سانحہ سے متعلق ذمہ داروں کی چھان بین کے سلسلے میں محکمہ آبپاشی کی تفصیلی رپورٹ بھی حکومت کو بھیج دی گئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ 27 جون کو خوازہ خیلہ میں دریا کا بہاؤ چند گھنٹوں میں 6ہزار738 کیوسک سے بڑھ کر 77ہزار782 کیوسک ریکارڈ کیا گیا جس پر محکمہ آبپاشی نے سیلابی ریلے سے متعلق پیشگی انتباہ تمام متعلقہ اداروں اور ڈی سی سوات، چارسدہ اور نوشہرہ کو 8 بج کر اکتالیس منٹ پر دیا گیا تھا۔

محکمہ آبپاشی خیبرپختونخواکی جانب سے مزید بتایا گیا کہ واٹس ایپ پر تمام حکام کو دریا کے بہاؤ کی مسلسل بدلتی صورتحال سے بھی آگاہ کیا جاتا رہا، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ آبپاشی نے 10بجکر30 منٹ پر ہی شدید سیلاب کا انتباہ جاری کر دیا تھا اور ڈی سی سوات، پی ڈی ایم اے سوات، اے ڈی سی ریلیف، اور دیگر اداروں کو بار بار الرٹس بھیجے گئے تھے۔

(جاری ہے)

ریکارڈ سے واضح ہے کہ محکمہ آبپاشی خیبرپختونخوا نے بروقت ایمرجنسی کی اطلاع دی تھی رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ خوازہ خیلہ میں سیاح معمول کے بہاؤ میں دریا کے درمیان داخل ہوئے اور پانی بڑھنے پر وہاں پھنس گئے۔رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ شدید بارش کے باعث اچانک پانی بڑھنے سے پیش آیا ہے۔ رپورٹ میں رسکیو 1122 کو فلڈ رسکیو آلات مہیا کرنے کی سفارش کی گئی ہے اور ہوٹل مالکان کو قانون کا پابند بنانے کی بھی سفارش کی گئی ہے جبکہ مقامی انتظامیہ کو سیاحوں کو محفوظ مقام تک محدود رکھنے کیلئے پالیسی بنانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

رپورٹ میں مدین اور کالام میں اضافی ٹیلی میٹری گیج لگانے کی سفارش کی گئی ہے اور ہوٹل مالکان کو سیلابی جگہوں پر سیاحوں کو نہ چھوڑنے کا حکم بھی جاری کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات