سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنا، سندھ طاس معاہدہ پر ثالثی عدالت کا پاکستان کے حق میں فیصلہ بڑی کامیابیاں ہیں، چودھری محمد یاسین

بدھ 2 جولائی 2025 18:53

سٹوک آن ٹرنیٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری محمد یٰسین نے کہا ہیکہ موجودہ حالات میں سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنا اور سندھ طاس معاہدہ پر ثالثی عدالت کا پاکستان کے حق میں فیصلہ پاکستان کے وقار اور دنیا میں پاکستان کی بڑی کامیابیاں ہیں جبکہ بھارت کو دنیا بھر میں مسلسل رسوائی کا سامنا ہے اور بھارت نے آنے والے وقت میں پھر کسی ایڈونچر کی کوشش کی تو اسے مس ایڈونچر بنا دیا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز تارکین وطن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل کے صدر کی حیثیت سے محکوم اور جبر کا شکار قوموں کے لیے بھرپور کردار ادا کر سکتا ہے اس وقت دنیا بھر میں پاکستان کو ایک امتیازی اور بہادر قوم کا درجہ حاصل ہے اور پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے بھارت کو عبرت ناک شکست سے دوچار کرنے کے بعد پاکستان نے برادر ملک ایران کی جس طرح مدد کی ہے ہے اس سے امت مسلمہ میں ایک نئی امید نے جنم لیا ہے انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کی واحد ایٹمی طاقت پاکستان ہے اس لیے اسلامی دنیا کو پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانا چاہیے انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی اور فوجی طور پر جتنا مضبوط ہو گا اسلامی ممالک کا بھی بھرپور انداز میں دفاع کر سکے گا انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر کرنے کے لیے کشمیری تارکین وطن بھرپور کردار ادا کریں پاکستان امت مسلمہ کی امیدوں کا محور ہے۔