وزیراعلی سندھ سے ایتھوپیا کے سفیر کی ملاقات،سیلاب زدگان کی موثر بحالی پر حکومت کی تعریف

بروقت اقدامات پر چیئرمین بلاول بھٹو کو خراج تحسین،مراد علی شاہ نے دورہ ایتھوپیا کی دعوت قبول کرلی

بدھ 2 جولائی 2025 19:38

وزیراعلی سندھ سے ایتھوپیا کے سفیر کی ملاقات،سیلاب زدگان کی موثر بحالی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ نے وزیراعلی ہاس میں ملاقات کی جس میں سندھ، پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور تجارتی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعلی کے سیکریٹری زمان ناریجو اور ایتھوپیا کے اعزازی قونصل جنرل ابراہیم خالد تواب بھی موجود تھے۔

ایتھوپین سفیر نے سیلاب کے بعد بحالی کے کاموں پر سندھ حکومت کی کوششوں کو سراہا اور چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں بروقت اور مثر اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا۔ڈاکٹر جمال نے کراچی میں تعمیر کی گئی شاہراہِ بھٹو کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور اسے ایک اہم شاہراہ قرار دیا جو بندرگاہی ٹریفک کی روانی میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی مراد علی شاہ نے سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے کاموں میں معاونت فراہم کرنے پر دوست ممالک اور ڈونر ایجنسیوں کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں زرعی شعبے میں تعاون کے طور پر کپاس کے ہائبرڈ بیجوں کی تیاری میں مشترکہ منصوبہ بندی پر بھی اتفاق کیا گیا جو دونوں ممالک کے درمیان زرعی اشتراک کا نیا باب ثابت ہوگا۔اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو کے سفارتی دوروں کا بھی ذکر ہوا۔ ایتھوپیا کے سفیر نے وزیر اعلی سندھ کو ایتھوپیا کے دورے کی دعوت دی جسے وزیر اعلی نے خوش دلی سے قبول کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا کراچی سے صرف چار گھنٹے کی پرواز کے فاصلے پر ہے اور وہ جلد دورے کا ارادہ رکھتے ہیں۔