صوابی ،لوڈ شیڈنگ ،بجلی کے کم وولٹیج سنگین صورتحال اختیار کرگئے

گھریلو تکالیف کے علاوہ کاروبار مکمل تباہ ہوچکا ہے ، کم وولٹیج کی وجہ سے برقی آلات کا ناکارہ ہونا معمول بن چکا ہے ،مزید عوامی برداشت محال ہے، محمد سعید خان

بدھ 2 جولائی 2025 19:50

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)اے این پی ضلع صوابی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور ضلع کونسل صوابی کے سابق ممبر محمد سعید خان نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں لوڈ شیڈنگ اور بجلی کی کم وولٹیج سنگین صورتحال اختیار کر گئی ہے ،خدشہ ہے یہ احتجاج کی شکل میں سنگین صورتحال اختیار کر جائے گا، گھریلو تکالیف کے علاوہ کاروبار مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے ، کم وولٹیج کی وجہ سے برقی آلات کا ناکارہ ہونا معمول بن چکا ہے ،مزید عوامی برداشت محال ہے۔

جاری بیان میںسعید خان نے کہا کہ یہاں بجلی کا مسئلہ ہمیشہ سیاسی رہا ہے،کبھی وفاق کی حکومت کا صوبے سے سیاسی اختلاف اور کبھی دونوں ایک پیج پر تو پختونوں سے تعصبی اختلاف ، روز اول سے یہ ڈرامہ ہم دیکھ رہے ہیں ، گذشتہ ساڑھے تین سال اتفاقا یا دانستا وفاق اور صوبہ میں ایک ہی پارٹی (پی ٹی آئی)کی حکومت تھی جوپختونخوا کے جملہ مسائل کے حل کا ایک واحد سنہری موقع تھا اس لئے کہ پہلے سے اٹھارویں آئینی ترمیم موجود تھی صرف سپیکر کی ایک رولنگ کی ضرورت تھی کہ اٹھاویں آئینی ترمیم پر من عن عمل کیا جائے تو صوبے کی بجلی کے ساتھ سینکڑوں مسائل حل ہو جاتے،جبکہ سپیکر کا تعلق بھی صوابی سے تھا لیکن وہ پنجابی استعمار کے آگے بے بس رہے شاید یہ ان کی نا اہلیت تھی یا وہ ایسا کرنا نہیں چاہتے تھے ، آج کل یہی سابق سپیکر قومی اسمبلی بجلی کے خلاف نمائشی بھڑ کیں مار رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میری پی ٹی ائی ورکرز اور مقامی قیادت سے مودبانہ گزارش ہے کہ صوبے میں آپ کی مضبوط حکومت قائم ہے اور صوبائی سطح پر بھی ہم صوابی میں 18میگا واٹ بجلی گدون انڈسٹریل اسٹیٹ میں جنریٹ کر رہے ہیں جبکہ صوابی کی کل ضرورت تقریبا 25میگا واٹ ہے ، اسد قیصر اور شہرام خان ترکئی صوابی کے منتخب اورذمہ دار نمائندہ گان ہیں دونوںمل کر صوبائی حکومت سے مطالبہ کریں کہ پیڈو کی بجلی صوابی کو فراہم کی جائے ، یہ ہمارا آئینی حق اور آپ کی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ صوبائی پیدا کردہ بجلی اپنے عوام کو فراہم کریں ،دونوں ایم این ایز کو وفاقی حکومت سے احتجاج کی ضرورت نہیں ،ہمیں آپ کی اپنی حکومت اور اپنی صوابی کی بجلی فراہمی کا نوٹیفکیشن چاہئے اس سے صوابی کی عوام کیساتھ آپ کی مخلصی کا اندازہ ہو جائیگا ۔

عوامی مطالبہ ہے کہ ہمیں صوبائی حکومت کی گدون انڈسٹریل سٹیٹ کی 18میگاواٹ بجلی سستی نرخ پر فراہم کی جائے،اس کے علاوہ بجلی پیداوار کا صوبائی ادارہ پیڈو بحرین سمال ڈیم اور سکی کناری ڈیم ناران کے علاوہ مختلف چھوٹے یونٹس بجلی پیدا کررہے ہیں، اٹھارویں ترمیم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے صوبائی بجلی عوام کو فراہم کی جائے۔