وزارت بین الصوبائی رابطہ، پی ایس بی کے اشتراک سے ایف ڈی ای کے طلبہ کیلئے پہلی بار سمر سپورٹس کیمپ کا انعقاد، 500 سے زائد بچوں کی بھرپور شرکت

بدھ 2 جولائی 2025 20:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)وفاقی وزارت بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) اور پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی معاونت سے وفاقی تعلیمی اداروں (ایف ڈی ای ) کے طلبہ و طالبات کے لیے پہلی بار سمر سپورٹس کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے، جس میں تمام تعلیمی زونز کے طلبہ شامل ہو رہے ہیں۔پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں جاری اس دو ہفتے کے تربیتی کیمپ میں چار انڈور کھیلوں ظ والی بال، ٹیبل ٹینس، شطرنج اور بیڈمنٹن ظ کی تربیت دی جا رہی ہے۔

کیمپ 30 جون سے 11 جولائی تک جاری رہے گا۔ طالبات کا سیشن صبح نو بجے سے ساڑھے دس بجے تک جبکہ طلبہ کا سیشن ساڑھے دس بجے سے بارہ بجے تک منعقد ہو رہا ہے، جس کی نگرانی پی ایس بی کے ماہر کوچز کر رہے ہیں،ابتدائی اندازے کے مطابق 350 سے 400 طلبہ کی شرکت متوقع تھی، تاہم توقعات سے بڑھ کر 500 سے زائد طلبہ کی شرکت نے اس کیمپ کی کامیابی کو نمایاں کر دیا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر مزید طلبہ کی رجسٹریشن جاری ہے۔

(جاری ہے)

طلبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے وزارت آئی پی سی کے تعاون سے شرکاء میں ٹریک سوٹ بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ایریا ایجوکیشن آفیسرز کی جانب سے طلبہ کیلئے پک اینڈ ڈراپ سروسز کا بندوبست بھی کیا گیا ہے، جو اس شاندار کاوش کو مزید قابلِ تحسین بناتا ہے۔سپورٹس کیمپ کے ذریعے نہ صرف بچوں کو سکرینز سے دور لا کر عملی سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا رہا ہے بلکہ ان کے اندر نظم و ضبط، صحت مندانہ مقابلے اور ٹیم ورک جیسے اوصاف بھی پروان چڑھ رہے ہیں۔یہ کیمپ وفاقی دارالحکومت میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کی ایک بہترین مثال ہے،اس کامیاب انعقاد پرر طلباء کے والدین نے وزارت آئی پی سی ، پی ایس بی ، ایریا ایجوکیشن آفیسرز اور دیگر منتظمین کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا ہے۔