ح*پنجاب حکومت نے 96 فیصد ترقیاتی فنڈز استعمال کر کے نئی تاریخ رقم کر دی

ً8100 سے زائد ترقیاتی منصوبے مکمل، مقامی قرضوں میں 94 فیصد کمی کا بھی ریکارڈ قائم کیاگیا ۱وزیراعلیٰ مریم نواز کا ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی، شفافیت اور فنانشل ڈسپلن کو یقینی بنایا گیا۔اعلامیہ

بدھ 2 جولائی 2025 20:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جولائی2025ء) پنجاب حکومت نے گزشتہ مالی سال 2024-25 کے دوران ترقیاتی میدان میں نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ صوبے بھر میں 96 فیصد ترقیاتی فنڈز کا مؤثر استعمال کرتے ہوئے 8100 سے زائد عوامی بہبود کے منصوبے کامیابی سے مکمل کر لیے گئے۔سرکاری اعلامیہ کے مطابق مکمل کی گئی ترقیاتی سکیموں میں تعلیم، صحت، بلدیات، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، اور ماحولیات سے متعلق ہزاروں منصوبے شامل ہیں جن کا مقصد عام شہری کی زندگی میں بہتری لانا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے میں ترقیاتی سرگرمیوں میں غیر معمولی تیزی دیکھی گئی۔ حکومت نے فلیگ شپ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ ساتھ ایمرجنسی موڈ میں ڈیلیوری کو یقینی بنایا اور فنانشل ڈسپلن پر سختی سے عمل کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھاعوام کی خدمت ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ ہم دن رات کام کر رہے ہیں تاکہ ترقیاتی منصوبے جلد از جلد مکمل ہوں۔

میں ذاتی طور پر منصوبوں کی نگرانی ڈیش بورڈ کے ذریعے کرتی ہوں تاکہ شفافیت اور کارکردگی پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔پنجاب حکومت نے پہلی بار مقامی قرضوں میں 94 فیصد تک نمایاں کمی ریکارڈ کی، جو مالی نظم و ضبط، بہتر گورننس اور کفایت شعاری کی علامت ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں ورک ایتھکس بدل چکے ہیں، ہم ترقی کے ایک نئے اور مستحکم دور میں داخل ہو چکے ہیں۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس ریکارڈ کارکردگی نے پنجاب کو دیگر صوبوں کے لیے مثالی ترقیاتی ماڈل کے طور پر پیش کر دیا ہے۔