چنگ چی رکشوں پر پابندی کے خلاف درخواست پر سندھ حکومت و کمشنر کراچی کو نوٹسز

پابندی عائد کرنے سے قبل متاثرہ فریق سے مشاورت نہیں کی گئی، غریب شہری متاثر ہو رہے ہیں، درخواست گزار

بدھ 2 جولائی 2025 20:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)سندھ ہائیکورٹ نے شہر کی مرکزی شاہراہوں پر چنگ چی رکشوں پر پابندی کیخلاف درخواست پر سندھ حکومت، کمشنر کراچی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ و دیگر کو نوٹس جاری کردیے۔ہائیکورٹ میں شہر کی مرکزی شاہراہوں پر چنگ چی رکشوں پر پابندی کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

درخواستگزار کے وکیل صلاح الدین گنڈا پور ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ سندھ حکومت نے کمشنر کراچی کے ذریعے ابتدائی طور پر 12 روٹس پر چنگ چی رکشوں پر پابندی عائد کی اور بعد ازاں نوٹیفکیشن میں ترمیم کرکے 30 روٹس کو بند کردیا گیا۔

درخواست گزار کے مطابق پابندی عائد کرنے سے قبل متاثرہ فریق سے مشاورت نہیں کی گئی۔ شہر بھر میں 60 ہزار چنگ چی رکشے چلتے ہیں۔ 80 فیصد چنگ چی رکشے پابندی والے روٹس پر چلتے تھے۔ پابندی سے چنگ چی رکشہ چلانے والے غریب شہری متاثر ہورہے ہیں۔عدالت میں سماعت کے دوران درخوست گزار نے مقف اختیار کیا کہ قوانین میں ترمیم کے بعد پابندی کا اختیار کمشنر کراچی کے بجائے بلدیاتی نمائندوں کا ہے۔بعد ازاں عدالت نے سندھ حکومت، کمشنر کراچی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 16 جولائی تک جواب طلب کرلیا۔