پاکستان کو ابراہم اکارڈ سے متعلق عرب ممالک کے ساتھ جانا چاہیے :رانا ثنا اللہ کی رائے

پارٹی یا حکومت کی جانب سے کوئی رائے قائم نہیں کی گئی، وزیر اعظم کے مشیر کی انٹر ویو میں گفتگو

جمعرات 3 جولائی 2025 11:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو ابراہم اکارڈ سے متعلق عرب ممالک کے ساتھ جانا چاہیے،ابھی تک اس معاملے پر پارٹی یا حکومت کی جانب سے کوئی رائے قائم نہیں کی گئی اور نہ ہی اس ایشو کو ابھی زیر بحث لایا گیا ہے۔ایک انٹر ویو میںابراہم اکارڈ پر اپنی ذاتی رائے کا اظہار کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مدعی سست اور گواہ چست والا معاملہ نہیں ہونا چاہیے، فلسطین میں بہت خون بہا ہے، وہاں پر بہت ظلم ہوا ہے اب وہاں پر امن قائم ہونا چاہیے اور وہاں پر بہنے والا خون بند ہونا چاہیے۔

اس مقصد کے لیے وہاں کوئی بھی یا کسی بھی قسم کا معاہدہ ہوتا ہے، ابراہم معاہدہ ہو چاہے کوئی اور ، یا وہاں پر براہ راست ملوث قوتوں کے درمیان کوئی معاہدہ یا فلسطین کے ساتھ موجود عرب ممالک چاہیں یا اس پر متفق ہیں تو میں سمجھتا ہوں کو پاکستان کو، سعودی عرب کو، ترکیہ کو اور اس کے ساتھ اگر ایران کو بھی شامل کرلیا جائے یہ بڑے ممالک ہیں، ملائیشیا ء بھی ہے تو ان کو مشترکہ طور پر کوئی فیصلہ کرنا چاہیے اور پاکستان کو مسلم ورلڈ کے ساتھ جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

اگر سعودی عرب، ایران، ترکیہ اور عرب ممالک کوئی فیصلہ کرتے ہیں تو پاکستان کو ان کے ساتھ جانا چاہیے۔