کپواڑہ میں بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف کشمیریوں کا احتجاجی مظاہرہ

جمعرات 3 جولائی 2025 13:10

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں وکشمیر کے ضلع کپواڑہ میں خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع کے علاقے کرالپورہ کے رہائشیوں نے پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے خلاف سخت احتجاج کیا اور سڑک بند کر دی۔

(جاری ہے)

احتجاج میں شریک ایک خاتون نے کہا کہ ہم گزشتہ دو ماہ سے پینے کے پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں لیکن متعلقہ محکمہ ہمارے مسئلہ کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہا۔ مظاہرین نے کہا کہ کہ پانی کی مسلسل قلت نے ہماری روزمرہ کی زندگی سخت درہم برہم کر دی ہے، ہم ندی نالوں کا آلودہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔علاقے کی خوانین دور دراز کے علاقوں سے پینے کا پانی لانے پر مجبور ہیں۔مظاہرین نے کہا کہ اگر حکام نے فوری طور پر پانی کا مسئلہ حل نہ کیا تو وہ اپنے احتجاج میں شدت لانے پر مجبور ہوں گے۔