قومی ایتھلیٹ احمد سعید کی انعامی رقم اور اسکالرشپ HEC نے روک لی

2022 کی نیشنل چیمپئن شپ لاہور میں 400 میٹر ہرڈلز میں سلور میڈل حاصل کیا، جس کی انعامی رقم تاحال ادا نہیں کی گئی

جمعرات 3 جولائی 2025 16:31

پتوکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)قومی ایتھلیٹ احمد سعید کی انعامی رقم اور اسکالرشپ HEC نے روک لی ہائی کورٹ اور دیگر قانونی فارمز پر عدالتی کاروائی کرنے کا اعلان ۔رپورٹ کے مطابق قومی ایتھلیٹ احمد سعید ولد محمد سعید جنہوں نے پاکستان کے لیے مختلف قومی چیمپئن شپ میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، آج بھی مالی ناانصافی کا شکار ہیں 2022 کی نیشنل چیمپئن شپ لاہور میں 400 میٹر ہرڈلز میں سلور میڈل حاصل کیا، جس کی انعامی رقم تاحال ادا نہیں کی گئی اس کے علاوہ اس ایونٹ کے بعد ملنے والی سالانہ اسکالرشپ کی رقم بھی ایک سال سے زیرِ التوا ہے۔

دو چیکس، ہر ایک 90,000 روپے کا، بھی اب تک HEC نے روک رکھے ہیں۔اسی طرح،2024 نیشنل چیمپئن شپ اٹک میں احمد سعید نے 400 میٹر مکس ریلے میں گولڈ میڈل حاصل کیا، جس پر انعامی رقم تو ادا کر دی گئی، مگر اسکالرشپ کی صرف 6 ماہ کی رقم ایک چیک (120,000 روپی) کی صورت میں ملی، جبکہ ایک اور چیک 120,000 روپے کا اب بھی HEC کے پاس زیر التوا ہے۔

(جاری ہے)

یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی قومی ایتھلیٹ شجر عباس کی انعامی رقم HEC نے روکی تھی، جو اس ادارے کے رویے پر سوالیہ نشان ہے قومی ایتھلیٹ احمد سعید نے اپنے وکیل رانا نعمان اشرف ایڈووکیٹ کے توسط سے HEC کو باقاعدہ شکایتی مراسلہ (Grievance Letter) ارسال کر دیا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر اس مسئلے کو فوری طور پر حل نہ کیا گیا تو لاہور ہائی کورٹ اور دیگر تمام فورمز سے رجوع کیا جائے گارانا نعمان اشرف ایڈووکیٹ نے ایجنسی رپورٹر نوید بھٹی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 'ایک قومی کھلاڑی کو دفتروں کے چکر لگوا کر ذلیل کرنا، اور اس کی جیتی ہوئی انعامی رقم ادا نہ کرنا ایک غیر قانونی اور افسوسناک عمل ہے، جسے ہم ہر عدالتی فورم پر اٹھائیں گے۔