باجوڑ ،دہشت گرد حملے کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی، تحصیلدار اور متعدد معصوم شہریوںکی شہادت قابل مذمت ہے،چوہدری نعیم کریم

جمعرات 3 جولائی 2025 18:20

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے مرکزی سینئر رہنماچوہدری نعیم کریم نے ضلع باجوڑ میں پھاٹک میلہ کے قریب ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد معصوم شہریوں اور سیکورٹی فورسز کو نشانہ بناکراپنے غیرملکی آقاوں کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ،دھماکے میں شہید ہونے والے افسران اور شہری ہمارے ہیرو ہیں جن کی قربانیاں انشاء اللہ رائیگاں نہیں جائیں گی۔

مسلم لیگ(ن)بلوچستان کے رابطہ آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے دہشت گرد حملے کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی، تحصیلدار اور متعدد معصوم شہریوںکی شہادت پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کی اس مکروہ واردات نے ملک دشمن عناصر کے سفاک عزائم کو بے نقاب کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معصوم عوام اور سرکاری افسران کو نشانہ بنانا ایک انتہائی گھناؤنا اور ناقابل معافی جرم ہے واقعہ میں ملوث عناصرکسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس قسم کی کارروائیاں قوم کے حوصلے پست کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی اور پوری قوم افواج پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے واقعہ میں شہید ہونے والے افسران اورشہریوںکے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید ہونے والے افسران اور شہریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دکھ اور صدمے کی اس گھڑی میں پوری قوم شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔