مریم نواز شریف کا وژن ہے کہ ہر طبقہ فکر تک ترقی کے ثمرات پہنچیں ‘بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین

جمعرات 3 جولائی 2025 23:11

رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2025ء)پاکستان مسلم لیگ ن کے نوجوان سیاسی قائدین حلقہ این اے 173 کے ٹکٹ ہولڈر مولوی عزیر طارق چوہان اور پی پی 264 کے ٹکٹ ہولڈر مولوی ذوہیر طارق چوہان کی رہائش گاہ پر ایک اہم اور باوقار ملاقات کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین، ستارہ امتیاز (ملٹری)، میجر نوید اسلم اور اسٹاف آفیسر عبدالجبار بھٹی نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں علاقائی و سیاسی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ملاقات کا مقصد حلقہ این اے 173 اور پی پی 264 میں ترقیاتی کاموں، عوامی مسائل، حکومتی پالیسیوں کے اطلاق اور ضلعی سطح پر عوامی خدمت کی نگرانی کے پہلوؤں کا جائزہ لینا تھا۔

(جاری ہے)

بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے علاقے میں حکومت پنجاب کی اسکیمز اور فلاحی منصوبوں کی شفافیت اور مؤثر عملدرآمد پر زور دیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا وژن ہے کہ ہر طبقہ فکر تک ترقی کے ثمرات پہنچیں اسٹاف آفیسر عبدالجبار بھٹی اور میجر نوید اسلم نے بھی مقامی رہنماؤں سے تفصیلی بات چیت کی اور کہا کہ نوجوان قیادت کا جذبہ قابلِ تحسین ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب پنجاب میں عوامی فلاحی پروگرامز کا دائرہ کار تیزی سے بڑھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ کا بنیادی مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ حکومتی منصوبے بر وقت اور شفاف انداز میں مکمل ہوں اور عوامی اعتماد برقرار رہیمولوی عزیر طارق چوہان اور مولوی ذوہیر طارق چوہان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ حلقے کے عوام کی خدمت اور مسلم لیگ ن کے منشور کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ رحیم یار خان جیسے اہم اور حساس ضلع میں ہر سطح پر ترقی و بہتری لانے کے لیے نوجوان قیادت کو مرکزی کردار ادا کرنا ہوگا۔