وفاقی تعلیمی بورڈ میں طلباء اور اداروں کی فلاح وبہبود کے لیے مزید اصلاحات لارہے ہیں، ڈاکٹر اکرام علی ملک

جمعرات 3 جولائی 2025 23:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) چیئرمین وفاقی تعلیمی بورڈ ڈاکٹر اکرام علی ملک نے کہا ہے کہ طلباء اور اداروں کی فلاح وبہبود کے لیے مزید اصلاحات لانے جا رہے ہیں،نادار بچوں کے لیے خصوصی فنڈز مختص کرنے کے لیے سفارشات تیار کر لی ہیں جو بورڈ آف گورنرز میں پیش کی جائیں گی،آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کی 2 سیٹوں پر کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کیاجس کی نمائندگی آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ڈاکٹر ملک ابرار حسین اورپی ایس این کے مرکزی صدر ڈاکٹر افضل بابر کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وفد میں پروفیسر مہر خان مغل ممبر بورڈ آف گورنرز کالجز ونگ،ڈاکٹر رخسانہ خان ممبر بورڈ آف گورنرز فی میل ونگ،محمد اشرف ہراج سابق ممبر بورڈ آف گورنرز فیڈرل بورڈ،جاوید اقبال راجہ مرکزی نائب صدر اپسکا،عرفان مظفر کیانی ڈویژنل صدر راولپنڈی،محمد ابراہیم جنرل سیکرٹری راولپنڈی ڈویژن،سردار فیگار نیاز صدر پوٹھوہار ٹائون،چوہدری افتخار فنانس سیکرٹری ضلع راولپنڈی موجود تھے۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر اکرام علی ملک نے کہا کہ میں کامیاب ہونے والے ممبران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ بورڈ آف گورنرز کے ممبران مثبت تبدیلیاں لانے میں اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔ وفد نے الیکشن کا کامیاب انعقاد کروانے پر چیئرمین فیڈرل بورڈ اور سیکرٹری ڈاکٹر ارشد کا شکریہ ادا کیا۔ ملک ابرار حسین اور ڈاکٹر افضل بابر نے کہا کہ ہم چیئرمین فیڈرل بورڈ ڈاکٹر اکرام علی ملک اورسیکرٹری ڈاکٹر ارشد سمیت تمام متعلقہ افراد کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔