عالمی پلاسٹک فری ڈے کے موقع پر آدم حوا ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیرِ اہتمام آگاہی تقریب کا انعقاد

جمعرات 3 جولائی 2025 23:25

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) عالمی پلاسٹک فری ڈے کے موقع پر آدم حوا ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیرِ اہتمام آگاہی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان تھیں ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پلاسٹک کا استعمال صرف ماحول ہی نہیں بلکہ انسانی صحت کے لیے بھی ایک خاموش قاتل ہے، ایک ذمہ دار معاشرے کی تشکیل کے لیے ہمیں اجتماعی طور پر پلاسٹک کے مضر اثرات کو سمجھتے ہوئے اس کے استعمال میں کمی لانا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور شہریوں دونوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ ماحول دوست متبادل اپنائیں، جیسا کہ کپڑے، کاغذ، اور بایوڈیگریڈیبل مصنوعات۔انہوں نے مزید کہا کہ پلاسٹک کی آلودگی نہ صرف آبی حیات کو متاثر کر رہی ہے بلکہ زمین اور فضاء میں خطرناک کیمیکلز کے اخراج کا سبب بن کر ہماری آئندہ نسلوں کے مستقبل کو داؤ پر لگا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آدم حوا ویلفیئر آرگنائزیشن کے نمائندوں نے تنظیم کی ماحول دوست سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور مختلف سکولوں، کالجز اور کمیونٹی سینٹرز میں آگاہی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا۔

تقریب کے اختتام پر "پلاسٹک فری پاکستان" واک کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ماحول کی بہتری اور پلاسٹک کے خاتمے کے پیغامات درج تھے۔