میرپور ماتھیلو، مال بردار ٹرین کا انجن سمیت5 بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں

حادثے کے مقام سے ریلوے ٹریک اکھڑ گیا اور بوگیاں الگ ہوگئیں، اپ اور ڈاؤن ٹریک بند کردیا گیا، بعدازاں ریلوے ٹریک کی بحالی کے بعد اپ اور ڈاؤن ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت جاری کر دی گئی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 4 جولائی 2025 11:26

میرپور ماتھیلو، مال بردار ٹرین کا انجن سمیت5 بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں
میرپور ماتھیلو(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04جولائی 2025)سندھ کے علاقے میرپور ماتھیلو ریلوے سٹیشن کے قریب مال بردار ٹرین کی انجن سمیت پانچ بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں، حادثے کے بعد اپ اور ڈاؤن ٹریک بند کردیا گیا ہے،ریلوے حکام کے مطابق حادثہ میرپورماتھیلو ریلوے سٹیشن سے کچھ دوری پر پیش آیا جہاں مال بردار ٹرین کا انجن اور 5 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، حادثے کے مقام سے ریلوے ٹریک اکھڑ گیا اور بوگیاں الگ ہوگئیں۔

ریلوے حکام کاکہنا ہے کہ ٹریک بند ہونے سے مسافر گاڑیوں کو مختلف سٹیشنوں پر روک دیا گیاکچھ ہی گھنٹوں میں ریلوے ٹریک بحال کردیا جائے گا۔حکام کاکہناہے کہ روہڑی سے ریلیف ٹرین طلب کرلی گئی جب کہ امدادی کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔روہڑی سے ریلیف ٹرین حادثے کے مقام پر پہنچ گئی اور ڈاؤن ٹریک کی مکمل بحالی پر کام شروع کر دیا۔

(جاری ہے)

بعدازاں ریلوے انجینئرنگ اور آپریشن سٹاف نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اپ لائن کو بحال کر دیا ہے۔

جس کے بعد مسافر ٹرین 41 اپ قراقرم ایکسپریس کو وہاں سے روانہ کر دیا گیا۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹریک کی بحالی کے بعد اپ اور ڈاؤن ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت جاری ہے، ٹریک بحال ہوتے ہی مختلف سٹیشنوں پر رکی ہوئی مسافر ٹرینیں اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگئیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل خانیوال میں ریلوے سٹیشن پرٹرین سگنل پول کی سیڑھی سے ٹکراگئی تھی جس میں 27 مسافر زخمی ہوگئے تھے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریلو ے حکام موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں تھیں۔ریلوے حکام کے مطابق نامعلوم افراد نے سیڑھی ٹریک پر دھکیل دی تھی۔ زخمی مسافر کھڑکی سے ہاتھ نکال کر بیٹھے تھے۔حکام کے مطابق زخمی مسافر عوامی ایکسپریس اپ،عوامی ایکسپریس ڈاؤن اور موسیٰ پاک ایکسپریس میں سوار تھے۔ زخمیوں میں خواتین، بزرگ اور نوجوان شامل تھے۔

قبل ازیں بھی خانیوال ریلوے سٹیشن پر مسافر پل گر گیا تھاجس سے ریلوے ایس ٹی جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہو گئی تھی۔ زخمی خاتون کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے 3 افسران کو معطل کردیا تھا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے کی امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ چکی ہیں جنہوں نے فوری طو پر گرنے والے ملبہ کو ہٹانے کا کام شروع کر دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس ریلوے اور اعلی افسران جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کاموں کا جائزہ لیا تھا۔