سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر شمالی وزیرستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنا کر بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے30دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا،آئی ایس پی آر

جمعہ 4 جولائی 2025 12:10

سکیورٹی فورسز نے   پاک افغان سرحد پر شمالی وزیرستان  میں دراندازی کی ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے30دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔جمعہ کو آئی ایس پی آر سے جاری کردہ بیان کے مطابق یکم دو اور دو تین جولائی کی درمیانی شب،سکیورٹی فورسز نے ہندوستانی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کے ایک بڑے گروہ کی شمالی وزیرستان کے ضلع حسن خیل میں نقل و حرکت کی نشاندہی کی جو پاکستان-افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے ۔

سکیورٹی فورسز نے موثر طریقے سے ہندوستانی حمایت یافتہ خوارج کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا۔مہارت اور نشانے پر کارروائی کے نتیجے میں تمام 30 ہندوستانی خوارج کو جہنم واصل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

ہلاک ہونے والے بھارتی حمایت یافتہ خوارج سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت، چوکسی اور تیاری کا مظاہرہ کیا اور کسی ممکنہ تباہی کو روکا۔

عبوری افغان حکومت کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لئے’’غیر ملکی پراکسیز‘‘ کے ذریعے افغان سرزمین کے استعمال کو روکنے کی بھی ضرورت ہے۔پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع اور ملک سے ہندوستانی اسپانسرڈ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کےلئے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔\932