کشمیری مسلمانو ں کے مذہبی حقوق بھی سلب ، بھارتی حکومت امرناتھ یاترا کے لئے تمام وسائل بروئے کا ر لا رہی ہے، حریت رہنما

جمعہ 4 جولائی 2025 16:56

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے ہندو امرناتھ یاترا کی آڑ میں مقبوضہ علاقے میں مزید ہزاروں بھارتی فورسز اہلکاروں کی تعیناتی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ عالمی طاقتوں کی خاموشی اور عدم توجہی کے باعث کشمیری اپنے ہی وطن میں اپنی بقا کے خطرے سے دوچار ہیں۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت نے کشمیری مسلمانو ں کے دیگر حقوق کے ساتھ ساتھ مذہبی حقوق بھی سلب کررکھے ہیں لیکن وہ ہندو امرناتھ یاترا کے انعقاد کے لئے تمام وسائل بروئے کا ر لا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں کوجمعہ اور عید کی نماز ادا کرنے سے روکا جاتا ہے اور مقبوضہ علاقے میں محرم الحرام کے جلوسوں پر بھی پابندی عائد ہے جبکہ اس کے برعکس ہندوئوں کو تمام مذہی آزادیاں حاصل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت لاکھوں ہندو ئوں کو یاترا کے نام پر علاقے میں لاتی ہے اور لمبے عرصے تک قیام کے لیے انہیں ہر طرح کی سہولیات فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ان یاتریوں کو مستقل طورپر یہاں بسانے کا منصوبہ رکھتا ہے ، کشمیری مسلمانوں سے ضبط کی جانے والی اراضی ان یاتریوں کو دی جائے گی۔ترجمان نے کہا کہ فورسز اہلکاروں، کاروباری ہندو افراد اور بیوروکریٹس سمیت لاکھوں بھارتی ہندوئوں کو گزشتہ چھ سالوں کے دوران علاقے کے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ فراہم کئے گئے ہیں اور یہ عمل مسلسل جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مذموم عمل کا واحد مقصد علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا ہے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا کہ مودی حکومت نے امرناتھ یاتریوں کی تعداد اور یاترا کی مدت میں اضافہ کیاہے ، یاترا کی سکیورٹی کے نام پر مزید ہزاروں فورسز اہلکار علاقے میں تعینات کئے جاتے ہیں ، چھاپوں ، محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور بے گناہ لوگوں کی گرفتاری میں تیزی لائی ہے ۔ترجمان نے بڑھتے ہوئے چھاپوں اور حریت رہنمائوں ، کارکنوں اور عام نوجوانوں کو نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی کی تمام تر چیرہ دستیوں کے باوجود شہداکے عظیم مشن کو ا س کے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔