ڈی پی او سرگودھا کا تحصیل ساہیوال کا دورہ، 8 محرم کے جلوسوں و مجالس کے روٹس اور سکیورٹی کا جائزہ

جمعہ 4 جولائی 2025 16:57

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا محمد صہیب اشرف نے تحصیل ساہیوال کا دورہ کیا اور 8 محرم الحرام کے جلوسوں و مجالس کے روٹس اور سکیورٹی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے راستوں کا معائنہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈی پی او نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ مجالس اور جلوسوں کے دوران سکیورٹی، صفائی، روشنی اور دیگر سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

ڈی پی او نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے اور جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے جدید ٹیکنالوجی، کیمرہ مانیٹرنگ، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور دیگر ضروری اقدامات کیے جائیں۔ ڈی پی او نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال ، سب ڈویژنل پولیس آفیسر ساہیوال سرکل ، ایس ایچ او تھانہ ساہیوال، انچارج ریسکیو 1122 اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔