سید زین شاہ کالیاری میں عمارت گرنے کے افسوسناک واقعے اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار

یہ سانحہ سندھ حکومت، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور بلڈر مافیا کی گٹھ جوڑ، کرپشن اور مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے،صدر سندھ یونائیٹڈ پارٹی

جمعہ 4 جولائی 2025 19:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر اور دریائے سندھ بچا تحریک کے کنوینر سید زین شاہ نے کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت گرنے کے افسوسناک واقعے اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ، افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سانحہ سندھ حکومت، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور بلڈر مافیا کی گٹھ جوڑ، کرپشن اور مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلا واقعہ نہیں، ماضی میں بھی کراچی میں عمارتیں منہدم ہوچکی ہیں جن میں درجنوں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ان تمام سانحات کی براہ راست ذمہ دار ہے، کیونکہ اس کی سرپرستی اور سیاسی مداخلت نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو ایک منظم کرپٹ ادارہ بنا دیا ہے، جہاں لاکھوں روپے کی رشوت کے عوض غیرقانونی تعمیرات کی اجازت دی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

سید زین شاہ نے مطالبہ کیا کہ اس سانحے کی جوڈیشل انکوائری کی جائے اور زمہ داران کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔دریں اثنا سید زین شاہ نے پولیس کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے گھوٹکی کے علاقے عادل پور کے قریب واقع گاں شاہ محمد سوڈو میں بیدردی سے قتل ہونے والے نوجوان نادر سوڈو کے قاتلوں کی عدم گرفتاری اور ایف آئی آر درج نہ ہونے پر تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت امر ہے کہ اس دلخراش واقعے کو ایک ہفتہ گزر چکا ہے، مگر پولیس قاتلوں کو گرفتار کرنے کے بجائے انہیں تحفظ فراہم کر رہی ہے جو کہ ریاستی اداروں کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان انصاف کے حصول کے لیے در در کی ٹھوکریں کھا رہا ہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے قاتلوں کے ساتھ ساز باز کر کے خود جرم میں شریک نظر آ رہے ہیں۔ پولیس کی یہ مجرمانہ خاموشی اور رویہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وہ کااثر قاتلوں کی پشت پناہی کر رہی ہے۔ سید زین شاہ نے مطالبہ کیا کہ نادر سوڈو کے ورثا کی مدعیت میں ایف آئی آر داخل کر کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور اس واقعے میں ملوث پولیس افسران کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ سندھ یونائیٹڈ پارٹی نادر علی سوڈو کے ورثا کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر سطح پر اس ظلم کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔