ماہ محرم و یوم عاشور بہت ہی بابرکت و مقدس ہے،طارق مدنی

محرم الحرام میں نفلی روزوں کی بڑی اہمیت ہے، اس مہینہ کو اللہ سے نسبت حاصل ہے، سربراہ پاکستان امن کونسل

جمعہ 4 جولائی 2025 20:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)پاکستان امن کونسل کے سربراہ طارق محمود مدنی نے کہا ہے کہ یوم عاشور کے ساتھ ساتھ شریعت مطہرہ میں محرم کے پورے ہی مہینے کو خصوصی عظمت حاصل ہے یعنی ماہ محرم اور یوم عاشور بہت ہی بابرکت اور مقدس ہے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ماہِ محرم الحرام میں نفلی روزوں کی بڑی اہمیت ہے کیونکہ اس مہینہ کو اللہ سے نسبت حاصل ہے اور یہ نسبت ماہِ محرم کی فضیلت کو بتلاتی ہے انہوں نے مزید کہا کہ سیدنا حضرت علی رضی اللہ عنہ سے کسی شخص نے سوال کیا کہ ماہ رمضان المبارک کے بعد کون سے مہینہ کے میں روزے رکھوں تو حضرت علی نے جواب دیا کہ یہی سوال ایک دفعہ ایک شخص نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے بھی کیا تھا اور میں آپؓ کے پاس بیٹھا تھا تو آپؓ نے جواب دیا تھا کہ ماہ رمضان کے بعد اگر تم کو روزہ رکھنا ہے تو ماہِ محرم میں رکھو کیونکہ وہ اللہ تعالی (کی خاص رحمت) کا مہینہ ہے نیز حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے بھی روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ماہ رمضان المبارک کے روزوں کے بعد سب سے افضل روزہ ماہ محرم الحرام کا ہے اسی طرح حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے یہ بھی روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا جو شخص عاشورہ کے دن اپنے اہل وعیال پر کھانے پینے کے سلسلے میں فراخی اور وسعت کرے گا تو اللہ تعالی پورے سال اس کے رزق میں وسعت عطا فرمائیں گے۔