محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی کے مؤثر انتظامات کئے گئے ہیں، صہیب احمد بھرتھ

جمعہ 4 جولائی 2025 21:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) صوبائی وزیرِ مواصلات و تعمیرات پنجاب صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت بسلسلہ محرم الحرام کمشنر آفس راولپنڈی میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی سی راولپنڈی حسن وقار چیمہ، سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی، رکن صوبائی اسمبلی پنجاب ضیا اللہ شاہ سمیت متعلقہ محکموں کے انتظامی افسران نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر کو محرم الحرام کے حوالے سے کیے گئے سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ مواصلات و تعمیرات پنجاب صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جامع اور مؤثر سکیورٹی کی ہدایت کی ہے، منعقدہ اجلاس اسی سلسلے کی کڑی ہے جس میں سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں۔ جلوسوں کے روٹس پر ضلعی انتظامیہ،پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوسوں کے روٹس کی نگرانی کا عمل بھی جاری ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ امن کمیٹیاں، علمائے کرام سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے تعمیری کردار ادا کر رہے ہیں۔

فیک نیوز کو مانیٹر کیا جا رہا ہے تاکہ عوام تک صحیح معلومات پہنچ سکے۔ تمام ادارے باہمی تعاون کے ذریعے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دے رہے ہیں، ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے، آر ڈبلیو ایم سی کے ورکرز تمام روٹس پر صفائی ستھرائی کے لیے موجود ہیں، جلوسوں کے روٹس پر سبیلیں لگائی جائیں گی۔صوبائی وزیر نے واسا، ایم سی آر اور آر ڈبلیو ایم سی کے حکام کو بارشوں کے امکان کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کی۔