بلوچستان کا مستقبل ان ہی باہنر اور باصلاحیت نوجوانوں سے جڑا ، جنہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے ، میر سرفراز بگٹی

جمعہ 4 جولائی 2025 21:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)بلوچستان یوتھ ایمپاورمنٹ اینڈ انگیجمنٹ انیشیٹو کے تحت کوئٹہ میں ایک پٴْروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے تقریب میں وزیر اعلیٰ نے ہنرمندی، تخلیقی صلاحیت اور جدت پر مبنی تربیت مکمل کرنے والے باصلاحیت طلباء و طالبات میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے۔

وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر نوجوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کا مستقبل ان ہی باہنر اور باصلاحیت نوجوانوں سے جڑا ہے، جنہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے پروگرام میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے 46 طلباء و طالبات کو لیپ ٹاپس دیے گئے جبکہ تربیت مکمل کرنے والے تمام شرکاء کو باقاعدہ سرٹیفکیٹ بھی جاری کیے گئے تقریب میں پاکستان کی ممتاز سافٹ ویئر اور آئی ٹی کمپنیوں نے اس پروگرام میں تربیت حاصل کرنے والے 50 نوجوانوں کے لیے ملازمتوں اور انٹرن شپس کے مواقع فراہم کرنے کا اعلان کیا، جو اس انیشیٹو کی کامیابی اور افادیت کا واضح ثبوت ہے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید ہنر سے آراستہ کرنا، انہیں روزگار کے بہتر مواقع دینا اور صوبے میں معاشی خود کفالت کو فروغ دینا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی ترقی اور شمولیت کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں، اور یہ انیشیٹو صوبے کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھ رہا ہے اب تک بلوچستان یوتھ ایمپاورمنٹ اینڈ انگیجمنٹ انیشیٹو کے تحت صوبے بھر سے 6000 سے زائد نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں جدید تربیت دی جا چکی ہے یہ پروگرام نہ صرف نوجوانوں کے لیے ترقی کے نئے دروازے کھول رہا ہے بلکہ بلوچستان کی مجموعی معاشی و سماجی ترقی کا محرک بھی بن رہا ہے۔