ایم کیوایم پاکستان کے سینئررہنماسید امین الحق سے کے یوجی(دستور)کے صدر نصراللہ چوہدری کی قیادت میں وفد کی ملاقات

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ہمیشہ آزادی اظہار رائے، صحافتی تنظیموں اور میڈیا ورکرز کے حقوق کی حمایت کرتی رہے گی، سید امین الحق

جمعہ 4 جولائی 2025 22:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادرآباد پر سینئر مرکزی رہنما سید امین الحق نے کراچی یونین آف جرنلسٹس(دستور)کے صدر نصراللہ چوہدری کی قیادت میں تشریف لانے والے وفد سے ملاقات کی، اس ملاقات میں ملک میں صحافتی اداروں کو درپیش چیلنجز، میڈیا ورکرز کے حقوق، اظہارِ رائے کی آزادی، اور صحافتی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ کراچی میں میڈیا سے جڑے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ایم کیو ایم سینئر رہنما سید امین الحق نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ہمیشہ آزادی اظہار رائے، صحافت اور صحافیوں کے حقوق کی حمایت کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ سید امین الحق نے مزید کہا کہ آزاد صحافت جمہوریت کی روح ہے اور صحافی برادری نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت کے فروغ، قانون کی بالادستی اور عوامی مسائل کو اجاگر میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان صحافیوں کے فلاحی اقدامات میں بھی اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔

(جاری ہے)

صدر نصراللہ چوہدری نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنمائوں کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی انکی تنظیم کی جانب سے دعوت حلیم کا دعوت نامہ پیش کیا، انہوں نے کہاکہ ایسے روابط صحافی برادری اور سیاسی جماعتوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا کرتے ہیں، جس سے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں مدد ملتی ہے۔