مسلح افواج کاکیپٹن کرنل شیر خان کے 26ویں یوم شہادت پر تہہ دل سے خراج عقیدت

ہفتہ 5 جولائی 2025 00:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، چیف آف ائیر سٹاف، چیف آف نیول سٹاف اور پاکستان کی مسلح افواج نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید، نشان حیدر کو ان کے 26ویں یوم شہادت کے موقع پر تہہ دل سے خراج عقیدت پیش کیاہے۔آئی ایس پی آرسے جاری بیان کے مطابق 1999 میں کارگل کے معرکے کے دوران غیر متزلزل جرات اور حب الوطنی کی علامت کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے بے مثال بہادری کے ساتھ مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

وہ مسلح افواج اور قوم کے لیے ابدی رہنمائی کا سرچشمہ ہیں۔شدید مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے اس طرح کے بہادرانہ اقدامات پاک فوج کی بہترین روایات کی عکاسی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

شاندار قیادت اور غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے فرنٹ سے قیادت کی اور ملکی سالمیت کا دفاع کرتے ہوئے لازوال قربانی دی۔ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی عظیم قربانی بے لوث اور فرض سے لگن کے جذ بہ کی عکاسی کرتی ہے ان کی میراث پاکستانی عوام کے دلوں میں زندہ ہے اور ہماری آنے والی نسلوں کے لیے رہنمائی کا کام کرتی ہے۔

ہم اپنے ہیرو کو سلام پیش کرتے ہیں اور تمام خطرات کے خلاف وطن کے دفاع کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔اس عظیم دن پر مسلح افواج وفاداری، جرات اور عزت کی ان اقدار کو برقرار رکھنے کے اپنے عہد کی تجدید کرتی ہیں جن کا کیپٹن کرنل شیر خان مظہر تھا۔