جذبہ حسینی مسلمانوں کے ایمان و یقین کو جلا بخشتا ہے ،صدر آل پاکستان انجمن تاجران

ہفتہ 5 جولائی 2025 13:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشر ف بھٹی نے کہا ہے کہ ظلم ، جبر اور بربریت کے خلاف جنگ میں خانوادہ رسولﷺۖکی قربانی مشعل راہ ہے ،حسینی پیغام یہی ہے کہ باطل قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے جان و مال کی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

یوم عاشور کے حوالہ سے ہفتہ کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے شہادت پاکر تاریخ اسلام میں اس دن کو قیامت تک کے لیے خاص بنا دیا،واقعہ کربلا کی بدولت آج کے دن کی خاص اہمیت ہے، راہ خدا میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنا ہی عزیمت اور کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جذبہ حسینی مسلمانوں کے ایمان و یقین کو جلا بخشتا ہے،عاشور کے دن میں ہمارے لئے بڑے سبق ہیں ،ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم یوم عاشور میں چھپے پیغام کو تلاش کریں ۔انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں اورکشمیریوں نے حق پر قائم رہ کر سنت امام حسین علیہ السلام کو زندہ رکھا ہے۔