واقعہ کربلا ہمیں ظلم و جبر اور باطل کے مقابل کھڑا ہونے کا درس دیتا ہے، ڈاکٹر حمیرا طارق

ہفتہ 5 جولائی 2025 15:24

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق اور صوبائی صدر شازیہ سیال نے 10 محرم الحرام یوم عاشورہ کے موقع پر اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ " واقعہ کربلا تاریخِ انسانی کا ایک روشن مینار ہے، جو ہمیں ظلم، جبر اور باطل کے مقابلے میں ڈٹ جانے کا پیغام دیتا ہے۔

(جاری ہے)

امام حسینؓ کی شہادت صرف ایک واقعہ نہیں بلکہ حق و باطل کے درمیان دائمی معرکے کا استعارہ ہے۔ انہوں نےکہا کہ کربلا کا پیغام آج بھی زندہ ہے۔ انہوں نےکہا کہ واقعہ کربلا ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ حق کے لیے کھڑے ہونے والا گروہ اگرچہ قلیل ہو، لیکن اللہ کی مدد اس کے ساتھ ہوتی ہے۔ اسی جذبے سے ہمیں ظلم کے خلاف اپنی آواز بلند کرنی ہے، متحد ہونا ہے اور مظلوموں کا ساتھ دینا ہے ۔ شازیہ سیال نے کہا کہ اگر بحیثیت مسلمان امت ہمیں سر اٹھا کر جینا ہے تو واقعہ کربلا کی حقیقی روح اور فلسفے کو سمجھتے ہوئے نقش امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی پیروی لازم ہے۔