کمشنر کراچی نے عمارت گرنے کا ملبہ رہائشیوں پر ڈال دیا

عمارت کے رہائشیوں کو اپنی اور اپنے اہل و عیال کی جانوں کا خیال کرنا چاہیے، کسی کو گھر سے گھسیٹ کے نکالنا ناپسندیدہ کام ہے،حسن نقوی

ہفتہ 5 جولائی 2025 15:46

کمشنر کراچی نے عمارت گرنے کا ملبہ رہائشیوں پر ڈال دیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)کمشنر کراچی نے حادثے کا ملبہ رہائشیوں پر ڈالتے ہوئے انہیں عمارت گرنے کا سب سے ذیادہ زمہ دار قرار دے دیا۔رات گئے کمشنر کراچی حسن نقوی نے جائے حادثہ کا دورہ کیااور ریسکیو سرگرمیوں کا جائزہ لیا، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر کراچی حسن نقوی نے کہا کہ سانحے کے سب سے زیادہ ذمہ دار وہ لوگ ہیں جو ایسی بلڈنگز میں رہ رہے ہیں، اس عمارت کو سندھ بلڈنگ کنٹرول نے نوٹس دے رکھا تھا۔

عمارت کے رہائشیوں کو اپنی اور اپنے اہل و عیال کی جانوں کا خیال کرنا چاہیے، کسی کو گھر سے گھسیٹ کے نکالنا ناپسندیدہ کام ہے، انتظامیہ کسی کو گھر سے گھیسٹ کر نہیں نکالنا چاہتی۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے، ادارے مل کر کام کررہے ہیں، پولیس کو غیر ضروری افراد کو ہٹانے کے احکامات دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ الزام تراشی کا وقت نہیں اور نہ کسی پر الزام لگانا چاہیے، سب سے ذیادہ ذمہ داری ان افراد کی ہے جو ان عمارتوں میں رہتے ہیں،ایسے افراد اپنی اور اپنے پیاروں کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

انتظامیہ جب نوٹس دے رہی ہے تو عمارت کو خالی کردینا چاہیے تھا،اگر مکین خطرناک عمارتوں سے باہرنکلیں تو انتظامیہ تعاون کرے گی۔انہوں نے کہاکہ اگر کرپشن کا کوئی ثبوت ہو تو ضرور دیں ہماری پوری کوشش ہوتی ہے ایمانداری سے اپنا کام کریں۔ کوشش کی جائے گی کہ ہمارا ریگولیشن اتنا مستحکم ہو اس طرح کے مزید واقعات رونما نہ ہوں۔کمشنر کراچی نے کہا کہ لیاری میں جو غیر قانونی یا غیر معیاری تعمیرات ہیں ان پر بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے رپورٹ طلب کررہے ہیں، کوشش ہے کہ دوبارہ ایسے واقعات نہ ہوں۔حسن نقوی نے کہا کہ پولیس کو غیر ضروری افراد کو ہٹانے کے احکامات دئیے ہیں، تقریبا 50 فیصد ڈیڈ باڈیز مل گئی ہیں، امید ہے کہ اگلے چوبیس گھنٹے میں ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا جائے گا۔