پاکستان اور پولینڈ کا تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

ہفتہ 5 جولائی 2025 15:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور پولینڈ نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان سیاسی مشاورت کا نواں دور وارسا میں ہوا۔

(جاری ہے)

پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکریٹری یورپ محمد ایوب نے کی جبکہ پولش وفد کی قیادت سیکریٹری آف اسٹیٹ ولادیسواف بارتوسزوفسکی نے کی۔

ملاقات میں پاکستان اور پولینڈ نے دو طرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا، اعلیٰ سطح دوروں، پارلیمانی تبادلوں اور مسلسل مکالمے پر زور دیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جنوبی ایشیاء ، مشرق وسطیٰ اور یورپ کی صورتِ حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں اقوام متحدہ سمیت عالمی فورمز پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، مشاورت کا اگلا دور 2026ء میں اسلام آباد میں ہو گا۔