محکمہ وائلڈ لائف کا بغیر لائسنس شیر رکھنے والوں کیخلاف کریک ڈائو ن، 13 شیر برآمد،5 افرادگرفتار،مقدمات درج

ہفتہ 5 جولائی 2025 17:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر محکمہ وائلڈ لائف نے بغیر لائسنس شیر رکھنے والوں کے خلاف صوبہ بھر میں کریک ڈائو ن شروع کر دیا ہے۔ترجمان کے مطابق گزشتہ روز صبح 10 بجے سے اب تک پنجاب کے مختلف علاقوں میں 22 مقامات کی انسپکشن کی گئی اور13 شیر محکمہ وائلڈ لائف نے اپنی تحویل میں لے لیئے،5 افراد کو گرفتار اور5 ایف آئی آرز درج ہو چکی ہیں جبکہ2 مزید کارروائیاں زیر التواہیں۔

ترجمان کے مطابق لاہور میں 4 شیر بازیاب،4 افراد گرفتار، ایک احاطہ سیل اور 3 مقدمات درج ہیں،گوجرانوالہ میں 4 شیر برآمد، ایک ایف آئی آر زیر کارروائی ہے،فیصل آبادمیں 2 شیر قبضے میں، ایک احاطہ سیل اور ایک مقدمہ زیر تکمیل ہے جبکہ ملتان میں3 شیر بازیاب، ایک شخص گرفتاراوردو ایف آئی آرز درج ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے سینئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ جنگلی حیات کا غیر قانونی کاروبار ناقابلِ برداشت ہے ، عوامی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

محکمہ وائلڈ لائف نے واضح کیا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے ،کسی کو بھی رعایت نہیں دی جائے گی، عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ ایسے غیر قانونی شیروں کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن 1107پر دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وائلڈ لائف قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔