Live Updates

اوستہ محمد ہمہ گیر ترقی کیلئے شہریوں کی مشاورت سے دیرپا اقدامات کئے جا رہے ہیں،میرمظفرخان جمالی

ہفتہ 5 جولائی 2025 17:28

اوستہ محمد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء) میئر میونسپل کارپوریشن اوستہ محمد میر مظفر خان جمالی نے کہا ہے کہ شہر کی ہمہ گیر ترقی کے لئے شہریوں کی مشاورت سے دیرپا اقدامات کئے جا رہے ہیں مقامی پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ تاریخی شہر کی خوبصورتی کے لئے مین جناح روڈ سمیت اہم شاہراہوں کو چوڑا کر کے ٹو وے کیا جائے گا ہماری کوشش اور خواہش ہے کہ بلوچستان کے گرین بیلٹ کے مرکزی شہر کو تربت اور دریجی کی طرز پر ماڈل سٹی بنایا جائے اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ ماضی میں بے ڈھنگی تعمیرات اور تجاوزات کے سبب اس شہر کی خوبصورتی ماند پڑ گئی ماضی کی حکومتوں نے اوستہ محمد کی زرعی اور کاروباری اہمیت کو نظر انداز کیا ایک سو سے زائد رائس ملوں کا یہ منی انڈسٹریل ذون آج گوناگوں مسائل میں جکڑا ہوا ہے اس شہر میں شہریوں کو بجلی کی طویل اور غیر معمولی لوڈ شیڈنگ پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی سمیت تعلیم اور صحت جیسے بنیادی مسائل کا سامنا ہے تاہم ہماری کوشش ہے کہ ٹیم ورک کی صورت میں اوستہ محمد کو بلوچستان کا کاروباری حب اور معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنائیں گے جہاں لوگوں کو امن وامان کے مسائل کا سامنا نہ ہو جہاں ہندو اقلیتی برادری امن وآشتی اور چین اور سکون کے ساتھ کاروبار کر کے شہر کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکے انہوں نے شہر کی تیزی سے پھیلتی آبادی کے مسائل کے حل کے لئے طویل المدتی ترقیاتی منصوبے کی ضرورت کے پیش نظر وسائل کی فراہمی کا مطالبہ کیا میئر میر مظفر خان جمالی نے کہا کہ شہر کے داخلی راستے رائل سٹی کے مقام پر خوبصورت داخلی دروازے باب اوستہ محمد کی تعمیر اور وسیع پیمانے پر شجر کاری کا منصوبہ زیر غور ہے جبکہ شہر کی معروف تکون کو خوبصورت بنانے کے لئے گزشتہ بجٹ میں رقم مختص کی گئی تھی اس پر جلد کام شروع ہوگا اسی طرح شہرکے مختلف داخلی راستوں اور چوراہوں کی خوبصورتی کے لئے تجاویز زیر غور ہیں تاہم میونسپل ادارہ اپنے وسائل پیدا کرنے کی پوزیشن میں ہے شہری اس بارے میں تعاون کریں صفائی ٹیکس سمیت دیگر لاگو ٹیکسز کی ادائیگی میں عملے سے تعاون کریں انہوں نے آئندہ بجٹ میں ایک میت گاڑی اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں خریدنے کے عزم کا اعادہ کیا انہوں نے اس موقع پر پریس کلب(رجسٹرڈ) کے لئے ایک ایئر کنڈیشن کا عطیہ دینے کا اعلان بھی کیا پریس کلب آمد پر صدر علی حسن ڈومکی اور سینئر صحافی عبدالستار ترین سمیت دیگر عہدے داروں نے ان کا استقبال کیا۔

Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات