آئی جی کا مرکزی جلوس کے داخلی و خارجی راستوں کا دورہ ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

ہفتہ 5 جولائی 2025 17:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے مرکزی جلوس کے داخلی و خارجی راستوں کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، تمام فورس کو جلوس کے اختتام تک مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت کی ۔ پولیس ترجمان کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق آئی جی اسلام آباد تمام سکیورٹی کو خود لیڈ اور مانیٹر کررہے ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی ہے کہ داخلی راستوں سے چیکنگ کے بغیر کسی شخص کو داخل نہیں ہونے دیا جائے اور تمام فورس کو ہدایت کی کہ جلوس کے اختتام تک مکمل الرٹ رہیں۔ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے احکامات پر 9 محرم الحرام جلوس کے لئے ٹریفک پلان بھی جاری کیا گیا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) ذیشان حیدر نے 09محرم الحرام کے کیلئے ٹریفک انتظامات کو حتمی شکل دے رکھی ہے۔

(جاری ہے)

09 محرم الحرام کا جلوس مرکزی امام بارگاہ اثناء عشری جی سکس ٹو سے برآمد ہو کر اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا وہیں پر اختتام پذیر ہو گا۔ جلوس کے دوران فضل حق روڈ،پولی کلینک سے کلثوم پلازہ تک روڈ عام ٹریفک کے لئے بند رہے گا۔ شہری کلثوم پلازہ سے چائنہ چوک تک جناح ایونیو استعمال کر سکتے ہیں۔ سیونتھ ایونیو دامن کوہ چوک سے بجانب چاند تارا چوک بلیو ایریا آوٹ لوپ سے سیونتھ ایونیو چوک دونوں اطراف عام ٹریفک کے لئے بند رہے گا، شہری متبادل روڈ جناح ایونیو خیابان سہروردی، فیصل ایونیو اور مارگلہ روڈ استعمال کریں گے۔

صدر روڈ اقبال ہال سے میلوڈی چوک سے دونوں اطراف ٹریفک کیلئے بند رہے گی ۔شہری متبادل راستے کے طور پر آبپارہ سہروردی روڈ استعمال کر سکیں گے،میونسپل روڈ لال مسجد سے شہداء چوک،جی پی او چوک دونوں اطراف کے روڈ بند رہیں گے، شہید ملت روڈ متبادل راستے کے طور پر استعمال کر سکیں گے۔ پولی کلینک سے اقبال ہال تک لقمان حکیم روڈ ٹریفک کیلئے بند رہے گی،عوام الناس متبادل راستے کے طور پر جناح ایونیو استعمال کر سکیں گے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق جلوس میں پیدل داخلے کے لئے دو راستے مختص ہیں، مختص راستوں کے علاوہ داخلے کی ہرگز اجازت نہیں ہے۔ جلوس کے داخلی راستوں پر سکینرز لگائے گئے ہیں۔ 3000 افسران و جوان جلوس کی سکیورٹی پر مامور ہیں۔ اسلام آباد پولیس کے تمام افسران جلوس میں موجود رہیں گے۔