Live Updates

خواجہ فاروق احمد کی امجد نیازی،جنید اکبراور اسد قیصر کی ملاقات

محرم الحرام کے بعد چلائی جانیوالی احتجاجی تحریک کے حوالے سے آگاہی حاصل کی

ہفتہ 5 جولائی 2025 22:19

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی راہنما اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد نے اسلام آباد میں پارٹی کے مرکزی راہنما امجد خان نیازی،کے پی کے پی ٹی آئی کے صدر جنید اکبر،سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی،ا ن ملاقاتوں میں عمران خان کی رہائی کے لیے محرم الحرام کے بعد چلائی جانے والی احتجاجی تحریک کے حوالے سے آگاہی حاصل کی اور آزادکشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال ،آمدہ الیکشن پر بھی مشاورت کی۔

خواجہ فاروق احمد نے محترمہ حلیمہ خان سے بھی راولپنڈی خصوصی عدالت میں ان کی پیشی کے موقع پر ملاقات کی اور انہیں بھی تحریک کے حوالے سے آزادکشمیر پارٹی کی جانب سے ہر ممکن تعاون اور ہر سطح پر شرکت کا یقین دلایا۔

(جاری ہے)

خواجہ فاروق احمد نے پارٹی کی مرکزی قیادت سے توقع ظاہر کی وہ آزادکشمیر کے آمدہ انتخابات کے پیش نظر آزادکشمیر پارٹی کے معاملات پر بھی توجہ دیں گے تاکہ پی ٹی آئی بھرپور طریقہ سے آمدہ الیکشن میں حصہ لے سکے۔

آج کل سیاست کے بازار میں جو منڈی لگی ہوئی ہے ،آمدہ انتخابات میں خرید کرنے والوں اور فروخت ہونے والے دونوں کو عوام ایسا سبق سکھائیں گے کہ آئند ہ الیکشن کے قریب جو سیاسی منڈیاں لگتی ہیں یہ ہمیشہ ہمیشہ کے لیے بند ہوجائیں گی،پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر جو الیکشن جیتے تھے اب وہ دوسری پارٹیوں میں شامل ہورہے ہیںان کے حوالے سے بھی آئندہ 3سے 4 دنوں میں عدالتی اور جو بھی فورم ہیں سے رجوع کیا جائے گا تاکہ یہ سیاسی منڈیاں لگانے والوں کو سبق سکھایا جاسکے۔

خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ آزادکشمیر کے پی ٹی آئی کے کارکن عمران خان کی رہائی کے لیے جب بھی کال دی جائے گی تو بھرپور شرکت کی جائے گی،خواجہ فاروق احمد کے ساتھ جنید اکبر اعوان،عباس بٹ،خواجہ شہزاد امیدواران اسمبلی بھی شامل تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات