حکومت دیہی ترقی کو قومی ترقی کے کلیدی ستون کے طور پر ترجیح دے رہی ہے‘ شہباز شریف

دیہی علاقوں کے رہائشیوں کی ترقی کے لیے اپنے عہد کی تجدید کرتے ہیں‘ وزیر اعظم کا دیہی آبادی کی ترقی کے عالمی دن پر پیغام

ہفتہ 5 جولائی 2025 23:06

حکومت دیہی ترقی کو قومی ترقی کے کلیدی ستون کے طور پر ترجیح دے رہی ہے‘ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری حکومت دیہی ترقی کو قومی ترقی کے کلیدی ستون کے طور پر ترجیح دے رہی ہے، پائیدار ترقی کے اہداف کے مطابق ہم زراعت، تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، انفراسٹرکچر، ہنر کی تربیت اور ماحولیاتی پائیداری کے اہداف، سرمایہ کاری کے ذریعے دیہی معاش کو تبدیل کرنے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں،دیہی سڑکوں کے نیٹ ورک کو وسعت دینے اور پانی اور صفائی کی رسائی کو بہتر بنانے، خواتین کو بااختیار بنانے اور موسمیاتی اسمارٹ فارمنگ کے طریقوں کو فروغ دینے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

دیہی آبادی کی ترقی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج ہم پوری دنیا کے ساتھ مل کر دیہی آبادی کی ترقی کا عالمی دن منا رہے ہیں، آج کے دن ہم ملکی ترقی میں اپنی دیہی آبادی کی شراکت کو تسلیم کرتے ہیں اور دیہی علاقوں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کی تقریبا دو تہائی آبادی دیہات میں رہتی ہے جو کہ کھیتی باڑی سے منسلک ہے، دیہات میں رہنے والے افراد ابھی تک تعاون اور رواداری کی ہماری صدیوں پرانی روایات کو برقرار رکھے ہوئے ہے،انہی کھیتوں، باغات اور چھوٹے شہروں اور دیہات میں ہی پاکستان کی روح حقیقی معنوں میں پروان چڑھ رہی ہے۔

ہماری حکومت دیہی ترقی کو قومی ترقی کے کلیدی ستون کے طور پر ترجیح دے رہی ہے۔ پائیدار ترقی کے اہداف کے مطابق، ہم زراعت، تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، انفراسٹرکچر، ہنر کی تربیت، اور ماحولیاتی پائیداری کے اہداف، سرمایہ کاری کے ذریعے دیہی معاش کو تبدیل کرنے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ دیہی سڑکوں کے نیٹ ورک کو وسعت دینے اور پانی اور صفائی کی رسائی کو بہتر بنانے، خواتین کو بااختیار بنانے اور موسمیاتی اسمارٹ فارمنگ کے طریقوں کو فروغ دینے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

یہ کوششیں اس بات کو یقینی بنانے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ حکومت دیہی علاقوں کی ترقی کو کس قدر اہمیت دیتی ہے۔ آج کے دن ہم اپنے دیہی علاقوں کے رہائشیوں کی ترقی کے لیے اپنے عہد کی تجدید کرتے ہیں،ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ایک مضبوط، زیادہ مساوی اور خوشحال پاکستان کی تشکیل میں برابر کے شراکت داروں کے طور پر دیہی علاقوں کی ترقی و خوشحالی ہماری اولین ترجیح رہے گی۔