بھارت مقبوضہ کشمیر میں مقامی آبادی کو دبانے کیلئے پروپیگنڈے اور مذہب کو بطور ہتھیار استعمال کررہا ہے، رپورٹ

ہفتہ 5 جولائی 2025 20:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں طاقت کاوحشیانہ استعمال کررہا ہے اور مقامی آبادی کو دبانے کے لئے پروپیگنڈے اور مذہب کو بطور ہتھیار استعمال کررہا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کا قتل و غارت کاعالمی نیٹ ورک جس کا اعتراف بھارتی فوجی جرنیلوں نے بھی کیاہے ، ریاستی سرپرستی میں ظلم وبربریت اور دیگر ممالک میں خفیہ کارروائیوں کو ظاہر کرتا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں مزید کہاگیا ہے کہ مخالفانہ پروپیگنڈے کی حمایت کے لیے کس طرح جھوٹی خبریں چلانے کی مہمات چلائی جارہی ہیں اور علاقائی استحکام اور اختلاف رائے کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔بھارت پر امرناتھ یاترا جیسے ہندو مذہبی تقریبات کو ہتھیار کے طورپر استعمال کرنے کا بھی الزام لگایا جاتا ہے جس کومقبوضہ جموں وکشمیرمیں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے اور نظریاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارت کا وفاقی ڈھانچہ جمہوری اقدارپر نہیں بلکہ جبر اور منظم تشدد کے بل بوتے پر قائم ہے۔