مقبوضہ جموں وکشمیر میں ایک اورشخص کی جائیداد ضبط

ہفتہ 5 جولائی 2025 20:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی پولیس نے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون ’’یو اے پی اے‘‘ کے تحت سرینگر کے علاقے خانیار میں ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی ایک اور جائیداد ضبط کرلی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی پولیس کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ سرینگر پولیس نے ایک رہائشی ڈھانچے کے ساتھ 8مرلہ اور 202 مربع فٹ اراضی پر مشتمل ایک رہائشی جائیداد ضبط کی ہے جس کی مالیت تقریبا 1.5 کروڑ روپے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میر مسجد محلہ، شالہ باغ خانیار میں واقع یہ جائیداد محمد یوسف شاہ کے نام پر درج ہے جو اس وقت مسعود حسین شاہ ولد محمد یوسف شاہ کے قبضے میں ہے۔بیان میں کہا گیا یہ ضبطی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون ’’یو اے پی اے‘‘کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن خانیار میں درج ایف آئی آرکے سلسلے میں کی گئی ہے۔واضح رہے کہ 5اگست2019ء کے بعد جب بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی ،قابض حکام نے علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لئے کشمیریوں کو ان کے گھروں اورزمینوں سے محروم کرنے کی ایک مذموم مہم شروع کررکھی ہے ۔