نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسین کا یوم شہادت کل عقیدت و احترام سے منایا جائے گا

ہفتہ 5 جولائی 2025 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) نواسہ رسولﷺ ۖ حضرت امام حسین کا یوم شہادت کل بروز اتوار کو ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا ۔ اس موقع پرشہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مجالس عزا کے انعقاد کے علاوہ علم اور شبیہہ ذوالجناح کے جلوس برآمد ہو نگے جبکہ علماء کرام و ذاکرین واقعہ کربلا کے فضائل و مصائب پر روشنی ڈالیں گے نیزحضرت امام حسین اور ان کے رفقاء کی حق، انصاف اور اسلام کی سربلندی کیلئے عظیم قربانی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

اس سلسلہ میں صوبائی دارالحکومت لاہورسمیت صوبہ کے دیگر اضلاع میں ہزاروں مقامات پر مذہبی اجتماعات اور تقاریب منعقد ہوں گی ،لاہور سمیت صوبہ بھر میں مجلسوں اور جلوسوں کی سکیورٹی الرٹ کر دی گئی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز خود مجالس وجلوسوں کی سکیورٹی اور عزاداروں کو دی جانیوالی سہولیات کی مانیٹرنگ کریں گی جبکہ صوبہ کے بعض حساس اضلاع میں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے بھی جلوسوں کی فضائی نگرانی کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

لاہور میں 10محرم کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی دروزاے سے برآمد ہوگاجبکہ دیگرعلم اور شبیہہ ذوالجناح کے جلوس بھی مرکزی جلوس میں شامل ہو ں گے۔ مرکزی جلوس چوک رنگ محل ،مسجد وزیر خان، چوہنڈ مفتی باقر لوہا بازار، اندرون ٹیکسالی گیٹ اور اندرون بھاٹی سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ میں اختتام پذیر ہو گا۔جلوس کے روٹس پر سبیلیں بھی لگائی جائیں گی ۔

جلوس کے راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے ، امام بارگاہوں کے داخلی دروازوں پر واک تھرو گیٹ نصب اور چیکنگ کا چار درجاتی پلان بنایا گیا ہے۔جلوس کے اختتام پر کربلا گامے شاہ میں مجلس شام غریباں منعقد ہوگی جس سے مختلف نامور ذاکرین خطاب کریں گے۔ عاشورہ محرم الحرام کے دوران عزا داروں کو بروقت طبی امداد پہنچانے اور ہر قسم کے مریضوں کوعلاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے لاہور ڈویژن کے ہسپتالوں میں فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ عملے کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے اسے الرٹ رہنے کہ ہدایت کی گئی ہے۔

پنجاب ایمر جنسی سرو س کی طرف سے یوم عاشور پرماتمی جلوسوں کے دوران ایمرجنسی کورکی فراہمی کے لئے پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں ریسکیو1122 کے جوانوں کی چھٹیاں محدود کرکے اُن کی مخصوص ایمرجنسی ڈیوٹیاں لگا ئی گئی ہیں ۔ لاہور میں ٹریفک پولیس کی طرف سے بھی جلوسوں کے روٹس پر ٹریفک کے متبادل انتظامات کئے گئے ہیں۔