امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان مولانا تنویر کی زیر صدارت اجلاس

موجودہ سیاسی، سماجی و امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، چھموگڑھ اور جلال آباد میں حالیہ کشیدگی پر اظہار تشویش

ہفتہ 5 جولائی 2025 21:40

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے ذمہ داران کا اہم اجلاس امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان مولانا تنویر حیدری کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں موجودہ سیاسی، سماجی و امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، خصوصا گلگت کے علاقوں چھموگڑھ اور جلال آباد میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ علاقے میں پھیلنے والی فرقہ وارانہ کشیدگی اور بدامنی انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ جماعت اسلامی تمام فریقین سے اپیل کرتی ہے کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، اشتعال انگیزی سے گریز کریں اور آپس کے اختلافات کو بات چیت اور افہام و تفہیم سے حل کریں۔اجلاس میں امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان مولانا تنویر حیدری ، نائب امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر گلگت بلتستان مشتاق احمد ایڈووکیٹ ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل کشمیر گلگت بلتستان مولانا عبد السمیع ، جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی گلگت بلتستان عبدالمجیب، رہنما جماعت اسلامی گلگت بلتستان نظام الدین ، امیر جماعت اسلامی گلگت محمد اسماعیل ، رہنما جماعت اسلامی استور حاجی نعمت اللہ خان ، رہنما جماعت اسلامی گلگت بلتستان زکریا احمد ایڈووکیٹ ، سابق سیکرٹری جنرل نوید اللہ خان ، رہنما جماعت اسلامی قاری اسماعیل ، جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی گلگت محسن خان ، امیر جماعت اسلامی حلقہ حاجی زمان نے اجلاس میں شرکت کیں ۔

(جاری ہے)

زمہ داران نے حکومت گلگت بلتستان سے مطالبہ کیا کہ امن و امان کے قیام کو ترجیح دی جائے، قانون نافذ کرنے والے ادارے غیرجانبدار کردار ادا کریں، اور بے گناہ افراد کو ہراساں کرنے کی بجائے اصل مجرموں کے خلاف ٹھوس کارروائی کی جائے۔اجلاس میں گلگت بلتستان کی مجموعی سیاسی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ جماعت اسلامی نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی مسائل کے حل، نوجوانوں کے روزگار، تعلیم اور صحت جیسے بنیادی شعبوں میں بہتری کے لیے حکومت عملی اقدامات کرے۔

اجلاس میں چند اہم سیاسی فیصلے بھی کیے گئے جن کا اعلان جلد عوام کے سامنے لایا جائے گا۔ جماعت اسلامی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ہر سطح پر عوام کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی اور گلگت بلتستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنا مثر کردار ادا کرے گی ۔