فیصل آباد میں یوم عاشورانتہائی عقیدت واحترام سے منایا گیا

اتوار 6 جولائی 2025 20:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2025ء) ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی یوم عاشورانتہائی عقیدت واحترام سے منایا گیاجبکہ سکیورٹی کے سخت انتظامات کے باعث کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔یوم عاشور کے موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری لمحہ بہ لمحہ فیصل آباد سمیت ڈویژن بھر میں عاشورہ کے جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ کرتی رہیں ۔

اس موقع پر کمشنر فیصل آباد مریم خان، ریجنل پولیس آفیسر ذیشان اصغر، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور سی پی اوصاحبزادہ بلال عمر بھی ان کے ہمراہ تھے۔یوم عاشور پرفیصل آباد میں تعزیہ، علم، ذوالجناح وغیرہ کی 25 مجالس اور153 جلوس برآمد ہوئے۔لائل پور ڈویژن میں 6 مجالسِ اور13 جلوس ، اقبال ڈویژن میں 7 مجالس اور40 جلوس ، مدینہ ڈویژن میں 4 مجالس اور 24 جلوس ، جڑانوالہ ڈویژن میں 5 مجالس اور37 جلوس اور صدر ڈویژن میں 3 مجالس اور39 جلوس برآمد ہوئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فول پروف سیکیورٹی کیلئے فیصل آباد پولیس کے 4882 جوان و افسران تعینات کئے گئے۔ضلع فیصل آباد میں جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کیلئے 05 ایس پی،28 ڈی ایس پیز،20 انسپکٹر،147 سب انسپکٹر،459 اے ایس آئی،329ہیڈ کانسٹیبلان،3899 کانسٹیبلز و لیڈی کانسٹیبلان نے ڈیوٹی سر انجام دی۔ جلوس و مجالس کے داخلی وخارجی راستوں پر واک تھروگیٹس نصب کیے گئے تھے۔

جلوس میں شامل ہونے والے افراد کی تلاشی بذریعہ میٹل ڈیٹکٹر یقینی بنائی گئی۔شہر میں ٹریفک کی روانی کو بھی یقینی بنانے کے لیے متبادل ٹریفک پلان بھی ترتیب دیا گیا۔ انٹری پوائنٹس،امام بارگاہوں،جلوسوں کے روٹ کی بذریعہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بھی کڑی نگرانی کی گئی۔ ایلیٹ فورس اور ڈولفن فورس کی ٹیمیں مین جلوس کے ہمراہ اور سٹی ایریا میں گشت کرتی رہیں۔

ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے دیگر ریزرو فورسز پولیس لائن اور تھانہ وویمن میں الرٹ رہیں۔ تمام ماتمی جلوس مکمل عقیدت واحترام کے ساتھ شام کو شیڈول کے مطابق بخیروعافیت اورپرامن طریقے سے اپنے مقررہ پوائنٹس پر اختتام پذیر ہوگئے جہاں مجالس بھی منعقد کی گئیں۔اس موقع پرنیاز حسین تقسیم کی گئی اور بعد ازاں تما م ماتمی جلوس واپس اپنی اپنی امام بارگاہوں کو روانہ ہوگئے جہاں بعد نمازعشامجالس شام غریباں کا انعقاد کیاجائے گیاجن میں علماوذ اکرین نے حضرت امام حسینؓ اور اہل بیت کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔