اسرائیل نے یمن سے داغا گیا حوثی میزائل ناکام بنا دیا

تل ابیب کی جانب سے بحری و فضائی محاصرہ کرنے کی دھمکی، حملوں میں شدت

پیر 7 جولائی 2025 15:18

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)اسرائیلی فوج نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ اس نے یمن سے اسرائیل کی جانب داغے گئے ایک میزائل کو راستے میں ہی روک کر تباہ کر دیا۔فوجی بیان کے مطابق میزائل حملے کے پیشِ نظر اسرائیل کے مختلف علاقوں میں سائرن بجائے گئے، جیسا کہ اس قسم کی صورتِ حال میں معمول ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیل نے ایران نواز یمنی گروہ حوثیوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے حملے جاری رکھے تو ان کے خلاف بحری اور فضائی محاصرہ نافذ کیا جائے گا۔

حوثی یہ حملے غزہ سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر کر رہے ہیں۔اکتوبر 2023 میں غزہ میں جنگ کے آغاز کے بعد سے حوثی ملیشیا نے اسرائیل اور بحیر احمر میں بحری گزرگاہوں کو نشانہ بناتے ہوئے حملوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں عالمی تجارت بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔تاہم، بیشتر میزائل اور ڈرون حملے یا تو راستے میں ہی ناکام بنا دیے گئے یا اپنے ہدف تک پہنچنے سے قبل گر گئے۔ اس کے ردعمل میں اسرائیل نے متعدد جوابی فضائی حملے کیے ہیں۔