لیاری میں 22 عمارتیں مخدوش قرار، 14 کو خالی کرا لیا گیا دیگر 8 عمارتوں کو خالی کروانے کیلئے کوششیں جاری

ری آگرہ تاج میں بھی 8 منزلہ رہائشی عمارت میں دراڑیں پڑ گئی ہیں، خطرناک قرار دے کر عمارت کو خالی کر واکے سیل کردیا گیا، سانحہ لیاری پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت اہم اجلاس آج ہوگا، مخدوش عمارتوں کے حوالے سے اہم فیصلے کئے جائیں گے

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 7 جولائی 2025 12:18

لیاری میں 22 عمارتیں مخدوش قرار، 14 کو خالی کرا لیا گیا دیگر 8 عمارتوں ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07جولائی 2025)کراچی کے علاقے لیاری میں 22 عمارتیں مخدوش قرار، 14 کو خالی کرا لیا گیا دیگر 8 عمارتوں کو خالی کروانے کیلئے کوششیں جاری،انتظامیہ کے مطابق لیاری آگرہ تاج میں بھی 8 منزلہ رہائشی عمارت میں دراڑیں پڑ گئی ہیں، خطرناک قرار دے کر عمارت کو خالی کر واکے سیل کردی ہے۔ عمارت کی بجلی بھی کاٹ دی گئی اور پانی کی ٹینکی بھی توڑ دی گئی۔

عمارت گرنے سے اطراف کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ عمارت کے اطراف میں موجود دیگر عمارتوں کو بھی خالی کرا کر پولیس کی نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ عمارت کے نیچے رکشے پارک کئے جاتے تھے تقریباً 50 رکشے بھی دب گئے ہیں۔رہائشیوں نے احتجاج کرتے ہوئے متبادل رہائش دینیکا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈی سی کراچی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ متاثرہ رہائشیوں کو سکول میں منتقل کرنے کیلئے پیشکش کی گئی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر لیاری شہریار حبیب نے کہا ہے کہ ضلع ساؤتھ اور لیاری میں سے مخدوش عمارتیں گرانے کا کام شروع ہو گیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ متاثرہ عمارت کے اطراف 3 عمارتوں کا ایس بی سی اے معائنہ کیا جائیگا۔ 2 عمارتیں مخدوش نظر آرہی ہیں جنہیں فوری گرایا جائے گا۔ اطراف کی عمارتوں میں رہنے والے فی الحال رشتے داروں کے گھر جا چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں 51 عمارتیں انتہائی خطرناک ہیں کل سے ایکشن ہو گا۔

متاثرین کو متبادل فراہم کرنے کیلئے حکومت منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ غیرقانونی اور ناقص تعمیرات کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی ہو گی اگر ادارے کا کوئی شخص ملوث ہوا تو اس کے خلاف بھی کارروائی ہو گی۔دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس میں شہر میں مخدوش عمارتوں کے حوالے سے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔سانحہ لیاری پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت اہم اجلاس آج ہوگا۔

وزیربلدیات سعیدغنی، سندھ بلڈنگ اتھارٹی کے سربراہ، چیف سیکرٹری،کمشنرکراچی اور ریسکیو حکام شریک ہوں گے۔اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کو کو لیاری واقعے،امدادی سرگرمیوں پربریفنگ دی جائے گی جبکہ ایس بی سی اے حکام شہرمیں مخدوش قرار عمارتوں سے متعلق آگاہ کریں گے۔اجلاس میں شہر میں مخدوش عمارتوں کے حوالے سے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ عمارت گرنے کی وجوہات بھی معلوم کریں گے۔غفلت برتنیوالوں کو سزا دی جائے گی۔