بی جے پی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کوآج کے کربلا میں تبدیل کردیا ، رپورٹ

بہادر کشمیری بھارتی قبضے سے آزادی کے اپنے جائز مقصد کے لیے عظیم قربانیاں دے کر جذبہ کربلا کی یادتازہ کر رہے ہیں

پیر 7 جولائی 2025 16:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)بھارت کی بی جے پی حکومت نے کشمیریوں سے ان کے حقوق چھین کر اور انہیں وحشیانہ مظالم کا نشانہ بناکر مقبوضہ جموں و کشمیر کو آج کے کربلا میں تبدیل کر دیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق نریندر مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کشمیری عوام کے لیے جدید دور کا یزید ہے۔

رپورٹ میں بھارت کی جابرانہ حکومت کو یزیدی حکومت سے تشبیہ دی گئی ہے جو کشمیریوں کومسلسل بنیادی حقوق سے محروم کررہی ہے اور معصوم کشمیریوں پر بے پنا ہ مظالم ڈھارہی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ہر دن عاشورہ ہے اور ہر جگہ کربلا ہے۔رپورٹ میں جدوجہد آزادی میں کشمیری عوام کو درپیش مشکلات اور قربانیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بہادر کشمیری بھارتی قبضے سے آزادی کے اپنے جائز مقصد کے لیے عظیم قربانیاں دے کر جذبہ کربلا کی یادتازہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بی جے پی کی ہندوتوا پالیسیوں کے خلاف ڈٹے رہنے والے ہی حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے حقیقی علمبردار ہیں۔ کربلا سے کشمیریوں نے ثابت قدمی اور عزم کے ساتھ ظلم کا مقابلہ کرنا سیکھا ہے۔رپورٹ میں مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی حکام کے آلہ کاروں کی مذمت کی گئی اور انہیں’’یزید کے ساتھی‘‘قرار دیا گیا جو کشمیری عوام کو دبانے کی بھارتی کوششوں کا حصہ ہیں۔

رپورٹ میں کہاگیا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی’’مشکلات کے باوجود ظلم کے خلاف ڈٹے رہنے‘‘کے کربلا کے پیغام کی توثیق ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کربلا میں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی قربانیوں سے بھارتی بربریت کے خلاف کشمیریوں کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہیں۔ رپورٹ میں کہاگیا کہ آزادی کے مقدس مقصد کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیری امام حسین رضی اللہ عنہ کے سچے پیروکار ہیں،وہ بھارتی جبر کے خلاف مزاحمت سے کربلا کی یاد تازہ کر رہے ہیں۔