چین کی زیر قیادت علاقائی پلیٹ فارم پاکستان کو نئی علاقائی اہمیت دے سکتا ہے، تاجر رہنما علی عمران آصف

پیر 7 جولائی 2025 16:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2025ء) تاجر رہنما علی عمران آصف نے کہا ہے کہ سارک تنظیم کی سر گرمیاں معطل ہونے کے باعث پاکستان اورچین کا بیجنگ کی زیر قیادت علاقائی متبادل پر غور خوش آئند ہے ، یہ پیشرفت نہ صرف علاقائی طاقت کے توازن کو از سر ِ نو متعین کر سکتی ہے بلکہ چھوٹے جنوبی ایشیائی ممالک کے لیے نئی معاشی اور سفارتی راہیں بھی کھولے گی ۔

(جاری ہے)

پیر کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چین کی زیر قیادت علاقائی پلیٹ فارم پاکستان کو نئی علاقائی اہمیت دے سکتا ہے جو افغانستان، وسطی ایشیا ، ایران اور دیگر چھوٹے جنوبی ایشیائی ممالک کو سی پیک جیسے منصوبوں سے جوڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پلیٹ فارم سے پاکستان کو بھار تی ہٹ دھرمی سے بھی نجات مل سکتی ہے جو اکثر علاقائی اقدامات میں رکاوٹ بنتا ہے ،یوں پاکستان خود کو جنوبی ایشیا ، مشرقِ وسطیٰ اور یوریشیا کے درمیان ایک راہداری کے طور پر پیش کر سکتا ہے۔علی عمران آصف نے کہا کہ متبادل پلیٹ فارم تجارتی راہداریوں کے دروازے کھولنے اور ایشیا میں معاشی و سکیورٹی تعاون کے قواعد کو ازسرِ نو ترتیب دینے کا موقع فراہم کرے گا ۔