پاکستانی میڈیا وفد کاچائنا سٹیٹ کنسٹرکشن تھرڈ انجینئرنگ بیورو گروپ کا دورہ، سمارٹ لاجسٹکس اور عوامی روابط کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال

پیر 7 جولائی 2025 18:58

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2025ء) چائنا سٹیٹ کنسٹرکشن تھرڈ انجینئرنگ بیورو گروپ نے بیجنگ میں ’’خوشی کی گواہی: ثقافتی ہم آہنگی اور فروغ‘‘ کے موضوع پر تیسرا اوپن ڈے ایونٹ منعقد کیا۔ اس موقع پر سات رکنی پاکستانی میڈیا وفد نےچائنا سٹیٹ کنسٹرکشن تھرڈ انجینئرنگ بیورو گروپ کا دورہ کیا اورمخصوص منصوبوں کا جائزہ لیا، وفد نے چین کے نئے بنیادی ڈھانچے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو اجاگر کیا۔

وفد نے بیجنگ ساؤتھ ایسٹ ایکسپریس وے سمارٹ لاجسٹکس پورٹ کا بھی دورہ کیا، جوچائنا سٹیٹ کنسٹرکشن تھرڈ انجینئرنگ بیورو گروپ کا تعمیر کردہ منصوبہ ہے، یہ منصوبہ بیجنگ کے ’’تھری 100‘‘ کلیدی منصوبوں میں شامل ہے، جن میں 100 سائنسی و تکنیکی اختراعات و جدید صنعتوں کے منصوبے، 100 بنیادی ڈھانچے کے منصوبے اور 100 عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یہ منصوبہ چین کے 14ویں پانچ سالہ منصوبے کے تحت میجر انفراسٹرکچر انیشیٹوہے اور بیجنگ اکنامک۔ٹیکنالوجیکل ڈویلپمنٹ ایریا کے لیے ایک سٹریٹجک لاجسٹکس مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔یہ منصوبہ کولڈ چین لاجسٹکس پر مرکوز ہے،جن میں خشک ماحول ، نارمل درجہ حرارت، فریزر، متغیر درجہ حرارت اور انتہائی کم درجہ حرارت کی ویئرہاؤسنگ شامل ہے، یہ پیش رفت بیجنگ کے کولڈ چین ٹرانسپورٹیشن کے نظام کو مضبوط بنانے کے لئے نہایت اہم ہے اور0.5 ±ڈگری سینٹی گریڈ کی عالمی معیار کی درستگی کے ساتھ درجہ حرارت پر قابو رکھتی ہے۔

دورے کے دوران وفد نے کاربن ڈائی آکسائیڈ ٹرانس-کریٹیکل ریفریجریشن ٹیکنالوجی میں خاص دلچسپی ظاہر کی، یہ ماحول دوست نظام روایتی فریون ریفریجرینٹس کی جگہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کا استعمال کرتا ہے، جو اوزون کی تہہ کو نقصان سے محفوظ رکھتا ہے۔ پراجیکٹ منیجر فینگ جِنگلِنگ نے بتایا کہ یہ ٹیکنالوجی غیر زہریلی، غیر آتش گیر اور مستحکم ہے، جو عملے اور ذخیرہ شدہ اشیا دونوں کے لئے محفوظ ہے۔

یہ نظام آپریشن کے دوران پیدا ہونے والی اضافی حرارت کو دوبارہ استعمال کرتا ہے، جس سے توانائی کی کھپت اور آپریشنل لاگت کم ہوتی ہے۔ مزید برآں، ویئرہاؤس کی چھت پر شمسی توانائی کے پینلز کی بڑے پیمانے پر تنصیب منصوبے کے سبز اور کم کاربن اصولوں سے وابستگی کو ظاہر کرتی ہے۔معیاری کم درجہ حرارت والے کولڈ سٹوریج ایریا میں، وفد نے منجمد خوراک کے ذخیرے کے عمل کو سمجھا، جبکہ زیادہ درجہ حرارت والے سٹوریج ایریا میں انہوں نے مستقل درجہ حرارت کولڈ سٹوریج یونٹ کے درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے کے نظام کا جائزہ لیا۔

تجرباتی سیشن کے دوران وفد کومنفی 50 ڈگری سینٹی گریڈ کے الٹرا لو ٹمپریچر سٹوریج ماحول کے بارے میں جاننے کا موقع ملا، اور منصوبے کے منتظم کی رہنمائی میں حفاظتی اقدامات سے آگاہی حاصل کی۔دورے کے اختتام پر ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں نائب صدر چائنا سٹیٹ کنسٹرکشن تھرڈ انجینئرنگ بیورو گروپ انٹرنیشنل لی لیانگیوآن نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستی مستقبل میں بھی مضبوط ہوتی رہے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چائنا سٹیٹ کنسٹرکشن تھرڈ انجینئرنگ بیورو گروپ پاکستان میں اپنے منصوبوں میں اعلیٰ معیار کو برقرار رکھے گا، مقامی معیشت اور معاشرے کی بہتری میں حصہ ڈالے گا، اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دے گا۔ انہوں نے پاکستانی مرکزی دھارے کے میڈیا کے ساتھ باقاعدہ رابطہ اور تعاون کا نظام قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ پاکستان میں چائنا سٹیٹ کنسٹرکشن تھرڈ انجینئرنگ بیورو گروپ کے اہم منصوبوں کو اجاگر کیا جا سکے، باہمی فائدہ مند تعاون کو فروغ دیا جا سکے، اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تفہیم کو فروغ دیاجا سکے۔ اس طرح کی کوششیں چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) کے اعلیٰ معیار کی ترقی کی حمایت کریں گی۔