ملک کے بڑے دریاؤں اور آبی ذخائر میں پانی کی صورتِ حال جاری

ملک بھر میں دریاؤں کا بہاؤ اور آبی ذخائر میں پانی کی سطح عمومی طور پر تسلی بخش ، مجموعی طور پر 73 لاکھ 74 ہزار ایکڑ فٹ قابل استعمال پانی ذخیرہ موجودہے ، ترجمان واپڈا

پیر 7 جولائی 2025 22:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جولائی2025ء) واپڈا نے ملک کے بڑے آبی ذخائر اور دریاؤں میں پانی کی آمد و اخراج سے متعلق اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔ ترجمان واپڈا کے مطابق ملک بھر میں دریاؤں کا بہاؤ اور آبی ذخائر میں پانی کی سطح عمومی طور پر تسلی بخش ہے اور مجموعی طور پر 73 لاکھ 74 ہزار ایکڑ فٹ قابل استعمال پانی ذخیرہ موجود ہے۔

ترجمان واپڈا کے مطابق تربیلا کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد 2 لاکھ 94 ہزار 300 کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 93 ہزار 900 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1520.86 فٹ اور ذخیرہ 41 لاکھ 33 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔ منگلا کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی آمد 26 ہزار 900 کیوسک اور اخراج 8 ہزار کیوسک رہا، جبکہ ڈیم میں پانی کی سطح 1180.40 فٹ اور ذخیرہ 31 لاکھ 17 ہزار ایکڑ فٹ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 3 لاکھ 18 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 3 لاکھ 2 ہزار 400 کیوسک رہا۔ ریزروائر میں موجود پانی کی سطح 644.40 فٹ ہے اور مجموعی ذخیرہ 1 لاکھ 24 ہزار ایکڑ فٹ بتایا گیا۔ ترجمان کے مطابق ہیڈ مرالہ پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 75 ہزار 500 کیوسک اور اخراج 49 ہزار کیوسک ریکارڈ ہوا۔ ز نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی آمد و اخراج دونوں 43 ہزار 800 کیوسک رہے۔

ترجمان کے مطابق تربیلا، منگلا اور چشمہ ریزروائرز میں مجموعی طور پر 73 لاکھ 74 ہزار ایکڑ فٹ قابلِ استعمال پانی موجود ہے، جو زراعت، توانائی اور دیگر ضروریات کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ تربیلا، چشمہ، منگلا اور نوشہرہ کے مقامات پر دریاؤں کے بہاؤ کا ڈیٹا گزشتہ 24 گھنٹوں کے اوسط بہاؤ کی بنیاد پر دیا گیا ہے۔ یہ معلومات زرعی پیداوار، سیلابی صورت حال کے تجزیے اور آبی پالیسی کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، اور متعلقہ ادارے ان اعداد و شمار کی بنیاد پر حکمتِ عملی طے کرتے ہیں۔