واقعہ کربلا تاریخِ انسانیت کا ایک ایسا درخشاں باب ہے ، میر صادق عمرانی

پیر 7 جولائی 2025 23:13

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جولائی2025ء) صوبائی وزیر آبپاشی بلوچستان میر محمد صادق خان عمرانی نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے ایک اہم پیغام میں کہا ہے کہ واقعہ کربلا تاریخِ انسانیت کا ایک ایسا درخشاں باب ہے جو ہمیں ایثار، قربانی، صبر، استقامت، اور حق گوئی کا عظیم درس دیتا ہے۔ امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثار رفقاء نے میدانِ کربلا میں ظالم قوتوں کے سامنے سر تسلیم خم کرنے کے بجائے شہادت کو گلے لگا کر رہتی دنیا تک حق و صداقت کے علمبرداروں کے لیے ایک لازوال مثال قائم کی۔

میر محمد صادق خان عمرانی نے کہا کہ کربلا کا پیغام تمام انسانیت کے لیے ہے، چاہے وہ کسی بھی مذہب یا مسلک سے تعلق رکھتی ہو۔ امام حسینؑ کی جدوجہد کا محور صرف اقتدار نہیں بلکہ دینِ حق کی سربلندی، عدل و انصاف کا قیام اور انسانی وقار کا تحفظ تھا۔

(جاری ہے)

آج ہمیں ضرورت ہے کہ ہم ان عظیم اصولوں کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں۔انہوں نے کہا کہ یوم عاشور ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا، سچائی کا ساتھ دینا، اور باطل کے سامنے ڈٹ جانا ہی حسینیت کا اصل پیغام ہے۔

ہمیں چاہیے کہ ہم معاشرتی ناانصافی، کرپشن، عدم مساوات اور نفرت کے خلاف کربلا کے جذبے کے ساتھ کھڑے ہوں۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر عوام سے اپیل کی کہ یوم عاشور کے موقع پر مذہبی رواداری، بھائی چارے، صبر اور امن و امان کا خصوصی خیال رکھیں۔ انہوں نے ضلعی و تحصیل انتظامیہ کو بھی ہدایت کی کہ عاشورہ کے جلوسوں، مجالس اور عزاداروں کی سیکیورٹی و سہولیات کے تمام انتظامات مکمل رکھے جائیں تاکہ عزادار پُرامن ماحول میں اپنا مذہبی فریضہ انجام دے سکیں۔