Live Updates

چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت اجلاس،مون سون کی تیاریوں اور رابطوں کو موثربنانے پرغور

پیر 7 جولائی 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2025ء) چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت مون سون کی تیاریوں اور سی ڈی اے کی مختلف فارمیشنز، ایم سی آئی،ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان ہم آہنگی اور رابطوں کو مزید موثربنانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں سی ڈی اے کے بورڈ ممبران، سی ڈی اے کی تمام فارمیشنز کے ڈی جیز، ڈائریکٹر ڈی ایم اے سمیت دیگرافسران نے شرکت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر سی ڈی اے کی متعلقہ فارمیشنز، ضلعی انتظامیہ اور ایم سی آئی ٹیموں کی مشترکہ آپریشن کا جائزہ لیں گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت دی کہ اسلام آباد کی تمام شاہراہوں پر فوری طور پر ٹریفک کے نارمل بہاؤ کو یقینی بنایا جاسکے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے اوراسلام آباد انتظامیہ کے افسران مون سون سیزن کے دوران نشیبی علاقوں میں پانی کا ٹھہراؤ، نالوں کی بروقت صفائی، پانی کی نکاسی اور دیگرمسائل کوفوری حل کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں اوراس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے سی ڈی اے کے تمام فارمیشنز کے فوکل پرسنز اور فیلڈ سٹاف کے درمیان ہم آہنگی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے مون سون بارشوں کے دوران سی ڈی اے اور ایم سی آئی کی تمام فارمیشنز کو ہائی الرٹ اور ہمہ وقت فیلڈ میں موجود رہنے اور بارشوں سے متعلق تمام مسائل کے حل کے لیے اپنے فرائض منصبی بہترطریقے سے سرانجام دینے کی ہدایت کی۔چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ مون سون کے سیزن کے دوران نکاسی آب کے لیے نالوں کی مکمل صفائی کے ساتھ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کسی جگہ پر بھی پانی کا ٹھہراؤ نہ ہو اور نہ ہی شہریوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔

بعدازاں چیئرمین سی ڈی اے نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بارش کے دوران سی ڈی اے کے تمام اقدامات کو سراہا اور ہدایت کی مون سون کے سیزن کے دوران پوری محنت اور لگن کے دوران نکاسی آب اور شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے کاوشیں جاری رکھی جائیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات