چاہت فتح علی خان نے میوزک اور ایکٹنگ اکیڈمی کھول لی

اکیڈمی کے آغاز پر ہی 400 سے زائد داخلہ کی درخواستیں موصول ہوگئیں؛ مزاحیہ گلوکار کا دعویٰ

Sajid Ali ساجد علی منگل 8 جولائی 2025 13:12

چاہت فتح علی خان نے میوزک اور ایکٹنگ اکیڈمی کھول لی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جولائی 2025ء ) مزاحیہ گلوکار چاہت فتح علی خان نے ملک میں میوزک اور ایکٹنگ اکیڈمی کھول لی اور اکیڈمی کے آغاز پر ہی 400 سے زائد داخلہ کی درخواستیں موصول ہونے کا دعویٰ بھی کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چاہت فتح علی خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اکیڈمی کا آغاز کردیا ہے، اب اگلے مرحلے میں اکیڈمی میں آن لائن کلاسز شروع کی جائیں گی کیوں کہ نا صرف پاکستان بلکہ دیگر ممالک کے نوجوان بھی میوزک سیکھنے کے لیے پیغامات بھیجتے ہیں، اس لیے ایسے نوجوانوں کے لیے آن لائن میوزک اکیڈمی کلاسز شروع کی جائیں گی، جلد ہی اپنی میوزک اکیڈمی کی ایپلی کیشن بھی متعارف کرادیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اکیڈمی میں موسیقی کے ساتھ ساتھ اداکاری بھی سکھائی جا رہی ہے، اکیڈمی میں داخلہ لینے کے لیے کوئی بڑی شرائط نہیں ہیں، صرف شوق ہونا ہی سب سے بڑی شرط ہے، اگر کسی کی آواز بے سری ہے تو بھی کوئی مسئلہ نہیں، ہم ایسے نوجوانوں کی آواز اچھی کریں گے، طلبہ پر پہلے مرحلے میں اردو، پنجابی اور انگریزی زبانوں میں درست تلفظ، لہجے اور اظہار سے متعلق خصوصی توجہ دی جائے گی، ایک اچھے اداکار کے لیے ان زبانوں پر عبور ضروری ہے، ہم انہیں ابتدائی تلفظ سے لے کر مکمل اداکاری کی مہارتوں تک لے کر جائیں گے، انہیں گلوکاری سکھائیں گے اور سیکھنے کے 6 ماہ بعد طلباء کا پہلا گانا ریلیز کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

چاہت فتح علی خان نے اعلان کیا کہ جلد ہی میری ایک فیچر فلم بھی ریلیز ہوگی جو پاکستان سمیت دنیا بھر میں سینماؤں میں ریلیز کی جائے گی، پہلی فلم دی ڈارلنگ اس سال پاکستان بھر کے 50 سنیما گھروں کی زینت بنے گی، اگرچہ دو سال قبل بھی ایک فلم مکمل کر چکا ہوں لیکن یہ پہلی باقاعدہ سنیما ریلیز ہو گی، یہ فلم ایک منفرد کہانی پر مبنی ہے جس میں مضبوط اداکاری شامل ہے، مجھے یقین ہے یہ فلم عوام کے دلوں کو چھوئے گی۔